ٹرمپ اور کم جونگ اُن ملاقات کے لیئے سنگاپور پہنچ گئے

138

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کے روز شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن سے ملاقات کیلئے اتوار کے روز سنگاپور پہنچ گئے۔ توقع ہے کہ اس ملاقات سے شمالی کوریا کے خلاف اُس کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق تنازعے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

​صدر ٹرمپ کینیڈا کے شہر کوبیک میں جی سیون سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد وہاں سے براہ راست ایئر فورس ون جہاز میں سنگاپور کے پایا لیبار ایئر بیس پہنچے۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشنن نے اُن کا استقبال کیا۔

ایک رپورٹر نے جب اُن سے پوچھا کہ شمالی کوریا کے لیڈر کے ساتھ منگل کے روز ہونے والی ملاقات کے حوالے سے وہ کیا محسوس کر رہے ہیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا، ’’بہت اچھا۔‘‘

اُدھر شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن بھی صدر ٹرمپ سے پہلے اتوار کی صبح سنگاپور پہنچے۔ اپنی آمد کے کچھ ہی دیر بعد شمالی کوریا کے لیڈر نے سنگاپور کے وزیر اعظم لی سئینگ لون سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران کِم جونگ اُن نے امریکی صدر سے ملاقات کی میزبانی کرنے اور اس کیلئے شاندار انتظامات کرنے پر سنگاپور کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ ملاقات کامیاب رہی تو اس کا انعقاد کرنے کے حوالے سے سنگاپور کا نام تاریخ میں جلی حروف کے ساتھ لکھا جائے گا۔

اُدھر سنگاپور کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم لی نے ملاقات کا دلیرانہ اور قابل تعریف فیصلہ کرنے پر کِم اور امریکی صدر ٹرمپ کی تعریف کی اور اُمید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا اور پورے خطے میں قیام امن کے سلسلے میں مدد ملے گی۔

سنگاپور کے وزیر اعظم کل پیر کے روز صدر ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم جونگ اُن منگل کے روز سنگاپور بندرگاہ کے قریب واقع ریزارٹ جزیرے سین توسا میں تاریخی ملاقات کریں گے۔ یہ جزیرہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے اور یہاں یونیورسل اسٹوڈیو کا تھیم پارک اور کئی مصنوعی ساحل موجود ہیں۔