فٹبال ورلڈکپ: روس کو شکست، اسپین اور پرتگال اگلے راؤنڈ میں

286

ماسکو: فیفا ورلڈکپ یوراگوئے نے یوراگوئے نے میزبان روس کو 3-0 سے شکست دے کر گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

فیفا ورلڈ کپ کے 12ویں دن سمارا میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں یوراگوئے کی ٹیم نے میچ کے 10ویں منٹ میں بارسلونا کے اسٹار لوئس سواریز نے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

میچ کے 23ویں منٹ میں یوراگوئے نے ایک اور گول کر کے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

پہلے ہاف کے اختتام تک روس کی ٹیم انتہائی کوشش کے باوجود خسارے کو کم کرنے میں ناکام رہی جبکہ ہاف کے اختتام سے قبل میزبان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر ریڈ کارڈ کے ذریعے ایگو اسمال نیکوو کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا اور روس کی ٹیم 10کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔

دوسرے ہاف میں بھی مجموعی طور پر یوراگوئے کی ٹیم چھائی رہی اور میچ کے 90ویں منٹ میں ایڈنسن کوانی نے گول کر کے یوراگوئے کی میچ میں 3-0 سے فتح کو چار چاند لگا دیا۔

گروپ بی کے آخری مقابلوں میں پرتگال اور ایران کے ساتھ ساتھ اسپین اور مراکش کا میچ بھی برابر ہو گیا جس کے بعد یورپیئن ٹیموں اسپین اور پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پیر کو پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا لیکن ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل ریکارڈو کواریسما نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی پرتگال کو برتری دگنی کرنے کا نادر موقع ملا لیکن کرسٹیانو رونالڈو پینالٹی پر گول اسکور نہ کر سکے۔

دوسری جانب ایران نے بھی حریف ٹیم کے خلاف گول کی کوششیں شروع کی جبکہ دوسرے گول کے لیے سرگرداں پرتگال نے متعدد فاؤل کیے اور ان کے 4 کھلاڑیوں کو پیلا کارڈ ملا۔

میچ پرتگال کی فتح کے ساتھ اختتام کی جانب گامزن تھا کہ میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ایران پینالٹی ملی جس پر کریم انصاری فرد نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

ایران کو چند منٹ بعد ہی گول کرنے کا ایک اور نادر موقع ملا لیکن ایرانی اسٹرائیکر گیند کو گول میں نہ پھینک سکے اور میچ برابر ہونے کے ساتھ ہی پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ایران کی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

دوسری جانب کلی ننگریڈ میں اسپین اور مراکش کے درمیان بھی میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہوا جس کے ساتھ اسپین لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونے سے بال بال بچ گیا۔

میچ کے ابتدا میں ہسپانوی شائقین کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب 14ویں منٹ میں خالد بوطیب نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن 19ویں منٹ میں اسکو کے گول نے مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے بعد مراکش کے چار کھلاڑیوں کو فاؤل کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا لیکن دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہ کر سکا اور پہلا ہاف 1-1 سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں خصوصاً اسپین کو گول کرنے کے چند مزید مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکی تاہم 81ویں منٹ میں یاسف ناصری نے گول کر کے مراکش کو میچ میں دوسری مرتبہ برتری دلا دی۔

اس گول کے ساتھ ہی اسپین کے ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا لیکن 91ویں منٹ میں آس پاس کے گول نے مقابلہ برابر کر کے اپنی ٹیم کو عالمی کپ سے باہر ہونے سے بچا لیا۔

جب میچ ختم ہوا تو 2-2 کا اسکور اسپین کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کا اعلان کر رہا تھا جبکہ مراکش کی ٹیم ایونٹ میں کوئی بھی میچ نہ جیت سکی اور ایک پوائنٹ کے ساتھ اس کا بھی عالمی کپ میں سفر اختتام پذیر ہوا۔