دفاعی چیمپئن جرمنی کو میکسیکو نے شکست دے دی

183

فیفا ورلڈ کپ فٹبال 2018 میں گروپ ایف کے میچ میں میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے میں میکسیکو کی ٹیم نے کھیل کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور دفاعی چیمپئن پر گول کے لیے کئی حملے کیے۔
میکسیکو کی جانب سے 35 ویں منٹ میں ہرونگ لوزانو نے ٹیم کا پہلا اور میچ کا واحد گول کیا اس کے بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی گول اسکور نہ کرسکا اور میچ میکسیکو کے نام رہا۔

یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن جرمنی ورلڈ کپ 2018 کی سپر فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے اور میکسیکو کے ساتھ ہونے والے 11 مقابلوں میں سے صرف ایک میں جرمنی کو شکست کا سامنا رہا ہے۔
دفاعی چیمپئن جرمنی مسلسل تیسرے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں فتح سے محروم رہی ہے جب کہ میکسیکو کی جانب سے 32 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل فٹبال میچ میں جرمنی کو شکست دی گئی ہے۔

اس سے قبل آج کھیلے جانے والے پہلے مقابلے میں سربیا نے کوسٹا ریکا کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔
سربیا کی جانب سے واحد گول ٹیم کے کپتان الیگزینڈر نے کھیل کے 56 ویں منٹ میں کیا تھا۔