حملے میں پولیٹیکل محرر ہلاک

163

افغان سرحد سے ملحقہ علاقے شمالی وزیرستان میں ایک حملے میں پولیٹیکل انتظامیہ کا ایک عہدیدار ہلاک اور مقامی سکیورٹی فورس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ ہفتہ کی صبح رزمک روڈ پر واقع کم سروبی نامی علاقے میں پیش آیا جہاں پولیٹیکل محرر حامد اللہ کبل خیل خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کے ساتھ معمول کے گشت پر تھے کہ ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ سے حامد اللہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ تین خاصہ دار اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ایک خاصہ دار اہلکار لاپتا ہے اور شبہ ہے کہ حملہ آور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

رواں ہفتے ہی قبائلی علاقوں کے صوبہ خیبر پختنونخوا میں انضام کی قانونی کارروائی کے بعد شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے یہ پہلا مہلک حملہ ہے۔

حامد اللہ کے والد بھی پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک عہدیدار رہ چکے ہیں اور ایک کارروائی میں مارے گئے تھے۔

افغان سرحد سے ملحقہ اس علاقے میں عسکریت پسندوں نے محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی تھیں جن کے خلاف 2014ء میں پاکستانی فوج نے کارروائیاں کرتے ہوئے اس علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کا بتایا تھا۔

فوجی آپریشن کے بعد یہاں سے نقل مکانی کر جانے والے ہزاروں خاندانوں میں سے اکثر یہاں واپس آ چکے ہیں لیکن ان کے حالات زندگی تاحال معمول پر نہیں آ سکے ہیں جس کی وجہ وسائل کی کمی اور ایک بڑے فوجی آپریشن کے بعد بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی بتائی جاتی ہے۔