ضلع کیچ کے اساتذہ کے ماہ مئی کی تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی ناجائز کٹوتی کے خلاف وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع کیچ کا تربت پریس کلب کے سامنے ا ساتذہ کا احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وطن ٹیچرزایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے صدر مفتی سعیداحمد بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے گرم زون کے تمام علاقوں گوادر، ہرنائی،سبی،نصیرآباد،جھل مگسی،جعفرآباد سمیت دیگر علاقوں کے اساتذہ کے ماہ مئی کی تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی نہیں ہوئی ہے بلوچستان بھر میں واحد ضلع کیچ ہے جس میں محکمہ خزانہ کے ذمہ داروں نے اساتذہ کی ماہ مئی کی تنخواہوں سے کنوینس الاؤنس کی کٹوتی کرکے کیچ کے اساتذہ کے ساتھ امتیازی رویہ روا رکھا ہے جس کی وطن ٹیچرزایسوسی ایشن ضلع کیچ بھر پورمذمت کرتی ہے
مقررین نے اپنے خطاب میں اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر تینوں صوبوں میں اساتذہ کی کنوینس الاؤنس کی کٹوتی کا سلسلہ کئی سالوں سے بند ہوچکی ہے لیکن پہلے سے انتہائی پسماندہ بلوچستان کے اساتذہ کی کنوینس الاؤنس کی کٹوتی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اس غیر قانونی کٹوتی کے خلاف بلوچستان بھر کے اساتذہ سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت بلوچستان کے کرتا درتا اور بے لگام بیوروکریسی ٹس سے مس نہیں ہورہی ہیں بلوچستان کے اساتذہ کے ساتھ یہ ناانصافی بھی سمجھ سے بالا تر ہے کہ حکومت بلو چستان اور بیوروکریسی یہ دلیل دے رہی ہے چونکہ اساتذہ گرمیوں اور سردیوں کے دوران لمبی چھٹیوں پر ہیں اس لئے چھٹیوں کے دوران اساتذہ کو کنوینس الاؤنس نہیں مل سکتا ہے لیکن دوسری طرف ان چھٹیوں کے دوران اساتذہ سے الیکشن ڈیوٹی،پولیو ڈیوٹی، مردم و خانہ شماری ،سیلاب و دیگر قدرتی آفات کے دوران اساتذہ سے اضافی ڈیوٹیاں لئے جارہے ہیں اساتذہ کے ساتھ حکومت بلوچستان اور بیوروکریسی کا یہ شتر مرغ والا پالیسی اب نہیں چلے گی اگر تعطیلات کے دوران اساتذہ کنونیس الاؤنس کا حقدار نہیں ہے تو ان چھٹیوں کے دوران اساتذہ سے الیکشن ڈیوٹی سمیت دیگر اضافی ڈیوٹیاں لینا بھی ناجائز ہے ۔
مظاہرین نے کہا کہ دیگر تینوں صوبوں کی طرح بلوچستان کے اساتذہ کو بھی تعطیلات کے دوران کنونیس الاؤنس دیا جائے مظاہرین کے کہا کہ اگر جون اور جولائی کو سرکار اساتذہ کے لئے چھٹی سمجھتی ہے اور اساتذہ کو کنوینس الاؤنس کا حقدار نہیں سمجھتی ہے تو جون ،جولائی کے مہینے میں چھٹیوں کے دوران اساتذہ بھی الیکشن ڈیوٹی سمیت دیگر تمام اضافی ڈیوٹی سرانجام نہ دینے میں حق بجانب ہونگے تو لہذا بلوچستان بھر کے اساتذہ چھٹیوں کے دوران جولائی کے مہینہ میں متوقع جنرل الیکشن کے اضافی ڈیوٹی کا بائیکاٹ کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اگر بلوچستان کے اساتذہ نے جنرل الیکشن کی ٹریننگ اور ڈیوٹیوں کا بائیکاٹ کیا تو اس کی تمام تر ذمہ دارحکومت بلوچستان ہونگی تو لہذا دیگر تینوں صوبوں کی طرح بلوچستان کے اساتذہ کو بھی کنوینس الاؤنس دیا جائے تاکہ بلوچستان کے اساتذہ کے ساتھ امتیازی سلوک کا تاثر ختم ہوجائے۔