بلوچستان: لاپتہ بلوچ خاتون بے ہوشی کی حالت میں بازیاب، 2 افراد لاپتہ

231

جھاؤ سے لاپتہ بلوچ خاتون بے ہوشی کی حالت میں جنگل سے بازیاب جبکہ مزید 2 افراد لاپتہ

دی بلوچستان پوسٹ ویب مونیٹرنگ ڈیسک رپورٹس کے مطابق جھاؤ کے علاقے سوڑ عطا محمد بازار سے لاپتہ ہونے والی خاتون بی بی آمنہ بنت محمود بازیاب ہوگئی۔

علاقائی ذرائع کے مطابق خاتون بے ہوشی کی حالت میں جنگل میں پڑی ملی ہے اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے مقامی افراد کا الزام ہے کہ فورسز اور ریاستی سرپرستی میں چلنے والی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے بی بی آمنہ کو جبری طور پر لاپتہ کرنے کے بعد جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں انہیں جنگل میں پھینک دیا گیا۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع کیچ اور مند کے علاقوں سے فورسز کے ہاتھوں مزید دو افراد لاپتہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے تجابان سنگ آباد کے رہائشی ثناء اللہ کو فورسز نے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا جبکہ مند کے علاقے کوہ پُشت میں فورسز نے گھر پر چھاپہ مارکر عمر ولد کریم بخش سکنہ کوہ پُشت مند کو گرفتار کرنے بعد لاپتہ کردیا ہے۔