اگر مجھے کچھ ہوا تو سرفراز بگٹی زمہ دار ہونگے، بایزید خروٹی

566

 

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیسبک پر “چھوٹی چیڑیا” نامی ایک مقبول پیج کے ایڈمن بایزید خروٹی نے اپنے پیج پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ چار مہینوں سے میرے خلاف سوشل میڈیا میں جو خبریں چلائی جا رہی ہیں اس کی میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ چلایا گیا ہے کہ نادرا نے میری انکوائری کی ہے اور اس میں اپنی شہریت میں ثابت کر نہیں سکا ہوں جس کی وجہ سے میرا شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ہے جو ایک جھوٹ ہے اور بتاتا چلوں کہ میرے خلاف اسطرح کے پروپگینڈوں کے پیچھے سابق صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور اس کی ٹیم کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فروری 14 تاریخ کو پولیس کے ایک نوجوان آفیسر کو استعمال کر کے میرے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں سرفراز بگٹی کے کہنے پر مجھ پر دنیا بھر کے دفعات لگائے گئے ہیں جس میں سے ایک الزام یہ بھی ہے کہ میں صوبائی اور وفاقی حکومت کے خلاف نفرتیں پھیلا رہا ہوں۔ میں نے مذکورہ کیس میں ضمانت کروا لی ہے لیکن ضمانت کے بعد سرفراز بگٹی مجھے مختلف طریقوں سے دھمکا رہے ہیں اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہیں لیکن میں ان کے کسی بھی عمل کو خاطر میں نہیں لاتا ہوں لیکن یہ بات یہاں نہیں رکتی، کچھ وقت قبل یہ لوگ میرے شناختی کارڈ اور شراب کی بوتلیں رکھ کرتصویر لیکر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں کہ میں شراب کے ساتھ پکڑا گیا ہوں جو ایک سفید جھوٹ ہے کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو وہ مجھے جانے ہی کیوں دیتے۔

بایزید اپنے ویڈیو پیغام میں سرفراز بگٹی اور حکومتی اداروں سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ میری پروفائلنگ کے متعلق آپ کا ایک خط سوشل میڈیا میں آتا ہے، جس میں میرے کردار کا احاطہ کیا جاتا ہے اور میرے خاندان والوں کے بارے میں بات کی جاتی ہے اور مجھے سرٹیفکٹ دیا جاتا ہے کہ میں کیا ہوں اور کیا نہیں ہوں۔

انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لیٹر سرفراز بگٹی یا میری پروفائلنگ کرنے والوں کی طرف سے ہے جس نے میری اور میرے خاندان کی عزت اور زندگی کو خطرے میں ڈالا ہے تو ایسا سیکریٹ لیٹر پبلک کیسے اور کیوں ہوجاتا ہے؟ اور اس لیٹر کی وجہ سے اگر مجھے اور میرے خاندان کو کوئی بھی نقصان پہنچتا ہے تو اس کا ذمہ دار میں سرفراز بگٹی اور ان قوتوں کو ٹہراؤں گا جنہوں نے میری اور میرے خاندان کی پروفائلنگ کی ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہا کہ مجھے رات کے دو بجے کالز آتے ہیں جن کے نمبرز نظر نہیں آتے اور مجھے کہتے ہیں کہ آپ سے ملنا ہے اور میرےساتھ عجیب سخت انداز و لہجے میں بات کیا جاتا ہے۔

میں واضح کرتا چلوں کہ افغان قومپرستوں کے لیئے میرا نرم گوشہ رکھنے پر یہ لوگ ایک لیٹر جاری کرتے ہیں کہ مجھ سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے اور میں بتاتا چلوں کہ سرفراز کا فرنٹ مین سید امین کے ذریعے سے ہی میرے خلاف یہ تینوں لیٹر سوشل میڈیا کی زینت بنے ہیں اور سرفراز بگٹی مجھے میرے دوستوں کے ذریعے سے دھمکی آمیز پیغام بھجواتے ہیں کہ وہ میرے ساتھ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ایک ویڈیو پیغام بنا کر اپنے کچھ دوستوں کے پاس رکھا ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوتا ہے تو اس کے پیچھے ان تمام نظر آنے اور نا نظر آنے والے قوتوں اور لوگوں کے نام اور تفصیلات اس ویڈیو میں موجود ہیں جن سے مجھے خطرہ ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا کہ میں کسی خاکی و نوری کے لیئے وضاحت کی خاطر یہ ویڈیو جاری نہیں کررہا ہوں بلکہ اپنے دوستوں اور فالورز کے لیئے کر رہا ہوں کہ میں عوام کی اور حق کی بات کرتا ہوں جس کی وجہ سے میرے خلاف جھوٹے ایف آئی آر اور الزامات اور سازشیں گڑھی جا رہی ہیں۔