بلوچستان میں ہمارا مقابلہ خلائی قوتوں سے ہے۔
باپ کو جس طرح بلوچستان پر تھونپا گیا وہ ہمارے لیے چیلنج ہے جسے قبول کرتے ہیں۔
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والے اطلاعات کے مطابق حب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما سینٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ نے بلوچستان میں باپ پر جس قدررحمتیں برسائیں وہ ان سے سنبھالی نہیں جا رہی ،یقین دلاتا ہوں کہ جس طرح باپ بنی ہے ویسے ہی ختم ہوگی،باپ پارٹی نہیں بلکہ اسٹبلشمنٹ کا عارضی ہتھیار ہے،اس کا انجام بھی وہی ہوگا جو ق لیگ کا ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی بار ہمیں جس وقت حکومت سونپی گئی بلوچستان کے حالات سب کے سامنے تھے،ہماری سب سے بڑی اچیومنٹ بلوچستان میں امن و امان کا قیام تھا۔
ان کے ساتھ سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی بھی موجود تھے،اس موقعہ پر این اے 272 لسبیلہ گوادرسے نیشنل پارٹی کے امیدوار خورشید رند نے آزاد امیدوار اسلم بھوتانی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ گوادر پاکستان کی اقتصادی شہ رگ ہے،وہ کامیاب ہونے کے بعد یقین دلاتے ہیں کہ گوادرکی آواز روزانہ اسمبلی میں گونجے گی ۔