چیف جسٹس آف پاکستان نے خاران میں 6 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا

348

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بلوچستان کے ضلع خاران میں 6 مزدوروں کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

کیس کی سماعت 11 مئی کو کوئٹہ رجسٹری میں ہوگی، جس کے لیے چیف سیکریٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔

پاکستانی حکام کے مطابق مزدور علاقے میں تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔

فائرنگ کے واقعے میں ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال خاران منتقل کیا گیا جہاں سے بعدازاں انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔

ہلاک ہونے والے افراد  کاتعلق پنجاب سے ہے، جن کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقے اوکاڑہ روانہ کردیا گیا۔

مزدوروں کے قتل کا مقدمہ لیویز تھانہ خاران میں مقتولین کے رشتہ دار تنویر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔