برطانوی شہزادے ہیری کی شادی کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ

159

برطانوی شہزادے ہیری کی شادی کے موقع پردہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خدشے کے بعد شاہی قلعے ونڈسر کاسل اور اطراف میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

برطانوی ذرائع ابلاغ سے جاری خبروں کے مطابق انیس مئی کو برطانوی شہزادے ہیری کی شادی کے موقع پرشاہی قلعے ونڈسر کاسل میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

برطانوی خفیہ ایجنسیوں نے خطرے سے متعلق تمام اداروں اور شاہی خاندان کو آگاہ کردیا۔ صورت حال سے نمٹنے کیلئے ونڈ سر کاسل کے اندر اور باہر اور اطراف کی جگہوں پر برطانوی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔

 

آپریشن کے دوران ایک لاری ڈرائیور کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص کی عمر چالیس سال ہے، تاہم اس کی شناخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق اسلحہ مقناطیس کے ذریعے گاڑی سے چپکایا گیا تھا۔ دہشت گردی کا منصوبہ شاہی قلعے کی سخت سیکیورٹی کے باعث ناکام بنایا گیا۔

ایم آئی 5 کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق سال 2016 سے اب تل 45 علیحدہ علیحدہ دہشت گردی کے واقعات یوپر بھر میں رونما ہوئے ہیں، جب کہ سال 2017 میں 5 دہشت گرد حملوں کے بعد یہ سال سب سے خونی رہا، تاہم بہتر حکمت عملی اور مضبوط انٹیلی جنس کے باعث ان حملوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل انیس مئی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔

اس موقع پر برطانوی خاندان سمیت برطانیہ بھر میں زور و شور سے تیاریاں جاری ہیں، جب کہ اسی ہزار سے زائد افراد ونڈسر محل کے باہر اپنے پسندیدہ جوڑے کے دیدار کیلئے موجود ہیں۔