امریکہ نے ایرانی ایوان صدر کے لیے مختص ہوائی جہاز پر بھی پابندیاں عائد کردی

633

امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے ایران کی مختلف کمپنیوں پر اقتصادی پابندیوں کے ساتھ ساتھ ایرانی ایوان صدر کے لیے مختص ہوائی جہاز پر بھی پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدارتی طیارہ شام اور عراق سمیت دوسرے ملکوں تک جنگجو اور اسلحہ پہنچانے میں ملوث ہے۔

خیال رہے کہ ایران کی ’ڈنا‘ ایئرلائن کا طیارہ ’ایئربس 320‘ تہران میں ایوان صدر کے لیے مختص ہے۔ یہ جہاز اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے اندرون اور بیرون ملک دوروں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی چار فضائی کمپنیوں کے 31 ہوائی جہاز غیرقانونی سرگرمیوں، جنگجو اور اسلحہ دوسرے ممالک تک پہنچانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے ماتحت مانٹیڑنگ دفتر ’OFAC‘ نے حال ہی میں 9 ایرانی شخصیات اور اداروں کو دہشت گردی میں ملوث ہونے والوں کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ان پر پابندیاں عاید کی تھیں۔ پابندیوں میں ایران کو طیاروں اور ان کے پرزہ جات کی فروخت پر پابندی بھی شامل ہے۔ امریکی حکومت کا موقف ہے کہ ایران کی سرکاری فضائی کمپنیاں پاسداران انقلاب کے فوجیوں اور دیگر جنگجوؤں کو دوسرے ملکوں تک پہنچانے کےساتھ ایران نواز ملکوں تک اسلحہ بھی پہنچاتی ہیں۔