افغانستان : سات بھارتی انجینیئرز اغوا

312

افغان سکیورٹی حکام کے مطابق سات بھارتی انجینیئروں کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔

اغوا کی یہ واردات اتوار چھ مئی کو شمالی افغان صوبے باغلان کے ضلع ڈنڈ غوری میں ہوئی۔

صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق ساتوں بھارتی شہری ایک حکومتی پاور اسٹیشن کی جانب جا رہے تھے کہ انہیں ڈرائیور سمیت نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔

ترجمان کے مطابق بھارتی انجینیئروں کی تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

کابل میں بھارتی سفارت خانے کے دو اہلکاروں نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق افغانستان میں ڈیڑھ سو سے زائد بھارتی انجینیئرز اور ديگر تکنیکی عملہ مختلف پراجیکٹس پر خدمات سرانجام دے رہے ہيں۔