افغانستان میں اتحادی افواج کی بمباری میں 42 جنگجو ہلاک جب کہ 24 زخمی ہوگئے ہیں۔
دی بلوچستان پوسٹ مانیٹرنگ ڈیسک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں اتحادی افواج نے فضائی بمباری میں طالبان اور داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 42 جنگجو ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے ہیں جب کے اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر کو بھی تباہ کردیا گیا۔ فضائی کارروائی افغان نیشنل آرمی، افغان ایئرفورس اور نیٹو افواج نے مشترکہ طور پر کی۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فضائی کارروائیوں کے دوران صوبہ ارزگان میں 18، قندھار کے ضلع معروف میں 9، ضلع فریاب میں 3 اور شمالی صوبے زابل میں 10 دہشت گرد مارے گئے جب کے اسلحے اور گولہ بارود کے ذخیرے تباہ کر دیئے گئے۔ بری فوج نے علاقے کو کلیئر کروا لیا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان نے ایک ماہ قبل اپنے سالانہ آپریشن ’الخندق‘ میں اتحادی افواج کے ٹھکانوں اور اہلکاروں کو ہدف بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اتحادی فوجوں کی کارروائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کے دو روز قبل طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے ضلع کوہستان میں گھمسان کی جنگ کے بعد اتحادی فوج کو شکست دے کر قبضہ کرلیا ہے۔