پاکستانی آرمی بلوچستان میں شام کے طرز پر جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ اسلم بلوچ

698

 

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق معروف بلوچ قومی رہنما اور بلوچ لبریشن آرمی کے سینئر کمانڈر اسلم بلوچ نے سماجی رابطوں کے ویب سائٹ ٹوئیٹر پر بلوچستان کے علاقوں بھمبور، کاہان، ڈیرہ بگٹی وغیرہ میں جاری حالیہ فوجی آپریشنوں کے بابت اپنے پیغامات میں بلوچستان میں جاری فوجی جارحیت کو شام سے تشبیہہ دیکر عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

 

اسلم بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ “عوام کے خلاف کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال ہو یا آرٹلری یا پھر گن شپ ہیلی کاپٹر، سب میں المیہ، یکساں طور پر انسانی جانوں کے ضیاع کا ہوتا ہے۔ پاکستانی آرمی بلوچستان میں انہی جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، جن کا ارتکاب اسد کی آرمی شام میں کرچکی ہے۔”

اسلم بلوچ نے مزید کہا ہے کہ ” پاکستانی آرمی بھمبور و کاہان میں ہزاروں معصوم عورتوں اور بچوں کو گھیر کر انسانی ڈھال کے طور پر جنگ میں استعمال کررہا ہے۔ یہ سلسلہ بلوچستان میں گذشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے، مہذب اقوام عالم کو اس بربریت کا فوری نوٹس لینا چاہیئے۔”

یاد رہے گذشتہ دو ہفتوں سے بلوچستان کے علاقوں بھمبور و کاہان میں ایک شدید نوعیت کا فوجی آپریشن جاری ہے۔ اس دوران بلوچ مزاحمت کاروں اور فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہے۔ نمائیندہ دی بلوچستان پوسٹ کے مطابق کئی مقامات سے اطلاعات آرہی ہیں کہ فوج عام شہریوں کو بلا اشتعال نشانہ بنارہی ہے، تاہم محاصرے کی وجہ سے تفصیلات تاحال موصول نہیں ہوسکے ہیں۔