سانولی رنگت کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے:پرینکا چوپڑا

369

ہالی وڈ کی بڑی سٹار پرینکا چوپڑا نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ انھیں اپنی رنگت کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس بات کا انکشاف انھوں نے ‘ان سٹائل’ میگزین کے ساتھ انٹرویو میں کیا ہے۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا ہالی وڈ میں مختلف نسلوں سے آنے والے اداکاروں اور اداکاراؤں کے معاوضے میں مساوات ہے تو انھوں نے گذشتہ سال پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کیا۔

انھوں نے کہا: ‘میں شوٹنگ کرنے کے لیے باہر گئی ہوئی تھی اور کسی نے (سٹوڈیو سے) فون کیا اور میرے ایجنٹ سے کہا کہ میں جسمانی طور پر ٹھیک نہیں ہوں۔ ایک فنکار کے طور پر میں نے اپنے دفاع میں کہا کہ مجھے کیسا ہونا چاہیے؟ کیا مجھے اور دبلا پتلا ہونا چاہیے؟ کیا مجھے اور شیپ میں ہونا چاہیے؟ کیا میرا بدن کسرتی ہونا چاہیے؟ میری جسمانی سے ان کا کیا مطلب ہے؟

’۔۔۔ پھر میرے ایجنٹ نے مجھے بتایا کہ ‘پرینکا میرے خیال سے وہ کسی ایسی اداکارہ کو چاہتے ہیں جو براؤن (گندمی) نہ ہو’، اور اس کا مجھ پر بہت اثر ہوا۔’

خیال رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا جب وہ اپنی کامیابی کے آسمان پر ہیں۔ لیکن تین سال قبل بھی انھوں نے یہ اعتراف کیا تھا کہ ابتدائی دنوں میں انھیں کئی بار اپنی رنگت کی وجہ سے سخت تبصرے برداشت کرنا پڑے تھے۔

بی بی سی کی سپریا سوگلے سے بات چیت میں پرینکا نے بتایا تھا کہ ‘جب میں نے بالی وڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تو لوگوں نے مجھ سے کہا کہ میں اتنی کالی ہوں کہ فلموں میں چل ہی نہیں پاؤں گی۔’

سنہ 2000 میں ملکۂ حسن کا عالمی خطاب جیتنے کے بعد پرینکا نے اپنے فلمی سفر کا آغاز سنہ 2003 میں فلم ‘انداز’ سے کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے رنگ اور آواز کو تبدیل نہیں کر سکتی لیکن اپنے ہنر پر ضرور محنت کر سکتی ہوں اور میں نے وہی کیا۔’

اپنے تازہ انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ‘امریکہ میں ہم اس بارے میں شوخ انداز میں بات نہیں کرتے جبکہ انڈیا میں اس مسئلے کو نہیں اٹھایا جاتا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ‘ہمیں واضح انداز میں بتا دیا گیا ہے کہ اگر بڑے اداکاروں کے ساتھ فلم میں ایک خاتون کا کردار ہے تو اس کی بہت اہمیت نہیں ہے۔’

تاہم انھوں نے کہا ہالی وڈ میں تمام تر شرم اور لحاظ کے باوجود فلم ساز آپ کو بتا دیتے ہیں کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ پرینکا چوپڑا کی امریکی ٹی وی سیریز ‘کوانٹیکو’ کا تیسرا سیزن 26 اپریل سے اے بی سی پر شروع ہو رہا ہے جس میں وہ اہم کردار نبھا رہی ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ سال ان کی فلم ‘بے واچ’ آئی جس میں انھوں نے ولن کا کردار ادا کیا ہے۔