ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے طالبان سے افغان امن عمل میں شامل ہونے کا مطالبہ کردیا ہے
افغانستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک وزیراعظم نے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔
بن علی یلدرم اورعبداللہ عبداللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ،اس موقع پر ترک وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ترکی کا افغانستان سے تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ افغانستان بہت بڑا اقدام تھا، طالبان بھی امن عمل میں شریک ہوجائیں۔
بن علی یلدرم نے یہ بھی کہا کہ افغان امن کے لیے سہ فریقی طریقہ کار بنایا جائے گا، افغانستان سے وفود کی سطح پر دفاع اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی بات ہوگی۔
عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کے لیے ترکی کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغان ترک تعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے ترک وزیراعظم کے دورے کو اہم قرار دیا۔