بی این ایم کے زیر اہتمام شہدائے مرگاپ کی برسی کے مناسبت سے لندن میں ریفرنس منعقد

374

بلوچ نیشنل موومنٹ کے زیر اہتمام شہدائے مرگاپ کی نویں برسی کے مناسبت سے لندن میں دس اپریل کو ایک ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق 2009 میں فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے بلوچ نیشنل موومنٹ کے بانی غلام محمد بلوچ، مرکزی رہنما لالا منیر بلوچ اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کے مرکزی رہنما شیر محمد بلوچ کے نویں برسی کے مناسبت سے پوری دنیا کی طرح لندن میں بھی بلوچوں نے ریفرنس منعقد کی، جس کا اہتمام بلوچ نیشنل موومنٹ نے کیا تھا۔

ریفرنس کا آغاز دو منٹ کے خاموشی سے ہوا، اس موقع پر بی این ایم کے عالمی نمائیندے حمل حیدر بلوچ نے کہا کہ شہید غلام محمد نے بلوچ سیاست کی احیائے نو کی اور بی این ایم کی صورت میں حقیقی انقلابی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھ کر بلوچ سیاست کی ہیت ہمیشہ کیلئے بدل دی، جس کی وجہ سے تاابد بلوچ تاریخ کے پرنوں پر انکا کردار سنہرے الفاظ کے ساتھ کندہ ہوگا۔

اس موقع پر بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے فارن آرگنائزر نیاز بلوچ نے شہدائے مرگاپ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے مرگاپ نے اپنی لازوال قربانی سے قوم میں آزادی کے جذبے کی نئی روح پھونک دی، جو آنے والی نسلوں کو منتقل ہوتی رہے گی۔

یاد رہے ہر سال بلوچستان سمیت پوری دنیا میں شہدائے مرگاپ کی برسی انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔