ناصر بلوچ کی بازیابی کیلئے دائر پٹیشن میں کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ۔ ماہ رنگ بلوچ

534

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق معروف بلوچ قوم پرست رہنما شہید غفار لانگو کی بیٹی ماہ رنگ بلوچ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے لاپتہ بھائی ناصر بلوچ کی بازیابی کیلئے سیشن کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے لیکن اس حوالے سے کوئی بھی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہورہی ہے، لہٰذا آج وہ بلوچستان ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گی۔

 

اسی حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ آج انہوں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شاہ محمد جتوئی، بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حاجی عطاء اللہ لانگو اور کوئٹہ بار کونسل کے صدر کمال خان کاکڑ سے ملاقات کی ہے اور اپنے بھائی کے جبری گمشدگی کا کیس انکے سامنے پیش کیا ہے۔

 

یاد رہے غفار لانگو ایک طویل عرصے تک لاپتہ رہے تھے، جس کے بارے میں انکے اہلخانہ کا الزام تھا کہ وہ خفیہ اداروں کی تحویل میں ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے بعد ازاں انکی مسخ شدہ اور تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی گذشتہ ماہ غفار لانگو کے اکلوتے بیٹے اور ماہ رنگ بلوچ کے بھائی ناصر بلوچ کو بھی جبری طور پر اغواء کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ایک بار پھر ماہ رنگ بلوچ سراپا احتجا ج ہیں۔