خلیل بلوچ و دیگر رہنما اپنے کارکنوں کو حقائق سے آگاہ کریں، ریحان بلوچ

150

بلوچ ریپبلکن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین ریحان بلوچ نے کہا ہے کہ انکی جدوجہد صرف قلات ریاست کی بحالی کیلئے نہیں بلکہ متحدہ بلوچستان کی آزادی کیلئے ہے۔

بی آر ایس او کے مرکزی چیئرمین ریحان بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے چند پیغامات میں کہا ہے کہ ستائیس مارچ کو بلوچ تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا، کیونکہ اسی دن 1948 میں پاکستانی ریاست نے قلات ریاست پر بزورِ طاقت قبضہ کر لیا تھا لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ ہم حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کریں۔

چیئرمین ریحان بلوچ نے بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین اور دیگر تمام بلوچ رہنماوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا ہے کہ چیئرمین خلیل بلوچ سمیت دیگر تمام بلوچ رہنماؤں کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پیروکاروں اور کارکنوں کو اصل حقائق سے آگاہ کریں کیونکہ قلات بلوچستان کےریاستوں میں سے صرف ایک ریاست تھی جس پر بزورِ طاقت قبضہ کیا گیا تھا لیکن دیگر ریاستوں نے اپنی مرضی و منشاء سے پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان کی جدوجہد صرف قلات ریاست کی بحالی کے لیئے نہیں بلکہ متحدہ بلوچستان کی شکل میں تمام ریاستوں کی آزادی کے لیئے ہے۔