بلوچستان کے علاقے حب چوکی سے ایک اور بلوچ نوجوان لاپتہ کردیا گیا

843

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی سے تین مارچ کو سہ پہر چار بجے کے وقت نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر ایک اور بلوچ نوجوان کو مینار چوک کے نزدیک سے اغواء کرلیا۔

مزید معلومات کے مطابق لاپتہ بلوچ نوجوان کی شناخت سدھیر ولد امین کے نام سے ہوئی ہے، جو بنیادی طور پر بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے کولواہ کا رہائشی ہے، جو اپنے دوست الطاف کے ہمراہ اغواء ہوئے تھے۔ الطاف کو اگلے روز رہا کردیا گیا تھا جبکہ سدھیر تاحال لاپتہ ہیں۔

عینی شاھدین کے مطابق اغواء کار سادہ لباس میں ملبوس تھے اور انہیں فرنٹیئر کور کی سیکورٹی حاصل تھی، جس کے بنا پر الزام پاکستانی خفیہ اداروں پر لگایا جارہا ہے۔

یاد رہے بلوچستان کے ضلع آوران گذشتہ کئی سالوں سے شدید فوجی آپریشنوں کے زد میں ہے، جس کی وجہ سے وہاں کی اکثریتی آبادی حب چوکی اور کراچی ہجرت کرکے آباد ہوگئی ہے، لیکن تواتر کے ساتھ حب چوکی اور کراچی سے ابتک ضلع آوران سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد کو اغواء کرکے لاپتہ کردیا گیا ہے۔