افغانستان: کابل میں بم دھماکہ 40 افراد جابحق و زخمی

446

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک مزار کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں کم سے کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور تقریباً 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بدھ کو یہ خودکش حملہ کابل کے سخی مزار کے قریب اُس وقت ہوا جب مزار میں جشنِ نوروز منایا جا رہا تھا۔

وزارتِ داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور پیدل چلتا ہوا آیا اور وہ مزار کے اندر موجود افراد کو نشانہ بنانا چاہتا تھے۔

نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی سکیورٹی فورسز نے خودکش حملہ آور کو روکا تو اُس نے کابل یونیورسٹی کے نزدیک علی آباد ہسپتال کے قریب اُس نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

ابھی تک کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

کابل کے سخی مزار کا شمار شہر کے بڑے مزاروں میں ہوتا ہے۔

اس سے قبل بھی سخی مزار پر یومِ عاشورہ کے موقع ہونے والے دھماکے میں درجن سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس حملہ میں مزار میں موجود شیعہ عزاداروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب طالبان نے اپنے جاری کردہ بیان میں اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کردیا اور کہا کہ ان کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ۔