بنگلہ دیشی عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو یتیم خانے کے فنڈز میں 2 کروڑ 10 لاکھ ٹکے کی خورد برد کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنادی، نیشنل پارٹی کی سربراہ پر آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم اور موجودہ قائد حزب اختلاف خالدہ ضیاء کو یتیم خانے کے فنڈز میں خورد برد کا الزام ثابت ہونے پر 5 سال قید کی سزا سنادی، پراسیکیوٹر نے 21 ملین ٹکا (تقریباً 2 لاکھ 52 ہزار ڈالر) کرپشن پر بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ کو عمر قید کی سزا کی تجویز دی تھی۔
عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء پر دسمبر میں ہونے والے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد کردی، اپوزیشن لیڈر کیس کے دوران ہمیشہ تمام الزامات سے انکار کرتی رہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایک پیسہ بھی چوری نہیں کیا۔
کرپشن کے بڑے کیس کے فیصلے کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ڈھاکا میں ہزاروں پولیس اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے، ساتھ ہی پولیس نے سڑکوں پر جعم ہونے اور کسی بھی قسم کے احتجاج پر پابندی عائد کردی تھی۔