پنجگور کے دیہی علاقوں کی بجلی 4 دن سے منقطع، کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
دی بلوچستان پوسٹ نمائندے کے مطابق یونین کونسل کلگ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں 4 دن سے بجلی کی فراہمی بند ہے جس کی وجہ ان علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے، لوگ پانی کے حصول میں مارے مارے پھر رہے ہیں
چار دنوں سے بجلی بند رہنے سے اہل علاقہ کے تمام معمولات متاثر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ کیسکو نے کسی پیشگی اطلاع کے بغیر دیہی علاقوں کی بجلی بند کررکھی ہے، عوامی حلقوں نے کیسکو کے مقامی افسران کی دوغلے پن کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اگر کوئی صارف بل نہیں دیتا ہے تو یہ کیسکو کے ذمہ داروں کا قصور ہے وہ نہ علاقے میں میٹر ریڈنگ کے لیے آتے ہیں اور نہ ہی انھیں بلنگ کے مسلے پر کوئی دلچسپی ہے دفتر میں بیٹھ کر بل ترتیب دیئے جاتے ہیں جو شخص ایک سو روپے کی بجلی خرچ کرتا ہے تو اس کا بل ہزاروں میں آتا ہے اور جو لوگ ہزاروں کی بجلی خرچ کرتے ہیں ان کا بل سو یا ڈیڑھ سو آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجگور بازار میں ملی بھگت سے چوری ہوتی ہے لیکن کیسکو کی آنکھوں پر پٹی باندھا ہوا ہے۔