)بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے نامعلوم مقام سے سٹیلایئٹ فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پیر کے روزتربت کے علاقے شاپک میں چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کی روٹ کے پل پر پاکستانی فوج کی چار گاڑیوں پر مشتمل گشتی ٹیم پر راکٹ اورخود کار بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرکے قابض فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ دو اطراف سے حملے بیس منٹ تک جاری رہے، جنگ میں قابض کی دس کے قریب اہلکار ہلاک اور دوسرے کئی زخمی ہوئے۔ راکٹ کا گولہ لگنے سے ایک گاڑی تبا ہ جب کہ ایک کو جزوی نقصان پہنچاہے۔
گہرام بلوچ نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ایس ایس جی کمانڈوز ہیں جنہیں سی پیک منصوبے کی حفاظت کیلئے تعینات کیا گیاہے۔ اس استحصالی منصوبے کو بلوچ قوم نے پہلے ہی دن مسترد کرکے اس کے خلاف جد وجہد شروع کی ہے۔ یہ منصوبے لاکھوں غیر بلوچوں کی بلوچستان میں آباد کاری کا منصوبہ ہے جس سے بلوچ قوم کو اپنے ہی سرزمین بلوچستان میں اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ہم پاکستان اور چین سمیت تمام سرمایہ کاروں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ بلوچ قوم کی مرضی و منشاء کے بغیر کوئی منصوبہ قابل قبول نہیں لہٰذا کوئی بھی سرمایہ بلوچستان کا رخ کرے گی تو وہ اپنے نقصان کا ذمہ دار خود ہوگا۔