گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اس امر پر تشویس کااظہار کیا ہے کہ بلوچستان بھر میں زیر زمین پانی کے ذخائر کو کنووں اور بورنگ کے ذریعے بے دریغ طریقے سے نکالا جارہا ہے جس سے پانی کی سطح خطرناک حد تک گرگئی ہے اس کے لئے متعلقہ ادارے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے فوری طور پر منصوبہ بندی کرکے مؤثر اقدامات کریں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پانی کے بے دریغ استعمال کو روکیں اور جدید طریقہ آبپاشی جس میں پانی کا کم سے کم استعمال ہے سے استفادہ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کا خیال رکھنا علاقے کے لوگوں کا قومی فریضہ ہے اور ان منصوبوں کی پائیداری کے لئے ضروری ہے کہ ان کے عوض وہ ٹیکس ادا کریں تاکہ طویل عرصہ تک عوام ان منصوبوں کی پائیداری سے مستفید ہوتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے بڑے ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے ان کی تعمیر سے نہ صرف زیر زمین پانی کی سطح کو اوپر لایا جاسکتا ہے بلکہ اس سے بلوچستان بھر میں زیرکاشت زمین میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔