دی بلوچستان پوسٹ کے نمائیندے کے مطابق گذشتہ دنوں فورسز کے آپریشن کے دوران دو مختلف واقعات میں دشت بلنگور سے تین بلوچ شہری اغواء ہوئے تھے، جن کی شناخت ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو دن قبل دشت کے علاقے بلنگور میں فورسز نے ملا سلیم نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مار کر وہاں سے ملا سلیم اور صابر شاہ دوست جو کپکار کے رہائشی ہیں اغواء کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ملا سلیم کو بعد ازاں فورسز نے رہا کردیا تھا جبکہ صابر شاہ دوست تادم فورسز کے حراست میں ہے۔یاد رہے کہ اس سے پہلے صابر کے خاندان کے چار افراد فورسز حراست میں لیکر لاپتہ کرچکے ہیں جو ابتک لاپتہ ہیں۔
جبکہ ایک اور واقعے میں بھی دو دن قبل دشت سے ہی ایک اور بلوچ شہری فورسز کے ہاتھوں اغواء ہوا تھا جس کی شناخت اقبال محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ ریک کہیرن دشت کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ کئی سالوں سے دشت اور ملحقہ علاقے فورسز کے خاص نشانے پر رہے ہیں اس دوران یہاں سے سینکڑوں شہری لاپتہ کردیئے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں آئے روز بڑے پیمانے کے فوجی آپریشن ہوتے رہتے ہیں ۔ ان مخدوش حالات کی وجہ سے پہلے سے ہی علاقے کی آدھی سے زیادہ آبادی نقل مکانی کرکے کراچی، تربت اور حب منتقل ہوگئی ہے اور کئی خاندان ایران کے زیر کنٹرول مغربی بلوچستان میں ہجرت کرکے کسمپرسی کی زندگی گذاررہے ہیں۔
سرکاری سطح پر ابتک ان واقعات کی تصدیق یا تردید نہیں ہوئی ہے۔