نیو دہلی میں ہند بلوچ فورم کے تحت رکشا بندھن کے حوالے سے آج ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں فورم سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ہندوستان میں مقیم بلوچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اسکے علاوہ تقریب میں صحافیوں سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
تقریب کی شروعات میں بلوچ خواتین نے شرکاء کو ہندو رسم کے مطابق راکھی باندھا، اور اسکے بعد باقائدہ پروگرام کا آغاز ہوا، جہاں ہند بلوچ فورم کی پلیٹ فارم سے ہندوستان کی سیاسی شخصیتوں سمیت مذہبی پیشوا سوامی جتیندر آنند نے بھی خطاب کیا۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے سوامی جتیندر آنند نے کہا،” آج رکشا بندھن کے موقع پر بلوچستان کی بہنوں نے راکھی باندھا ہے، اور اس راکھی نے ہمارے درمیان بہن بھائی کا رشتہ مضبوط کردیا ہے۔”
انھوں نے مزید کہا، ” یہ ہندو دھرم میں ہے کہ بہن پر اگر کوئی مصیبت آجائے تو جان دے کر اسکی حفاظت کرنی چاہیئے، آج ہم قسم کھاتے ہیں کہ ہم ہر حال میں پاکستانی ظلم و جبر سے اپنی بلوچ بہنوں کی حفاظت کریں گے”۔