بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیرمحمد بگٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شہید اعظم نواب اکبر بگٹی کی گیارویں برسی کی مناسبت سے 26 اگست کو بلوچستان بھر میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن کی جائیگی۔ اس کے علاوہ بلوچستان بھر میں زونل اور مرکزی سطح پر اور مغربی ممالک میں موجود بی آر پی کے کارکنوں کی جانب سے قرآن خوانی اور ریفرنسز کا انعقاد کرکے شاہ شہیداں نواب اکبر خان بگٹی کی انکی نویں برسی کے موقع پر خراج عقیدیت پیش کریں گے اور سٹڈی سرکلز کا اہتمام کرکے لوگوں کو شہید نواب اکبر بگٹی کی زندگی، جدوجہد اور عظیم قربانی کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ بلاشبہ شاہ شہیداں کی زندگی بھر کی جدوجہد اور بلوچ سرزمین کی آزادی کیلئے عظیم قربانی نے بلوچ تحریک کو وقت سے پہلے کئی مراحل سے گزار کر ایسے مقام پر پہنچادیا ہے جہاں سے بلوچ تحریک کو قابض ریاست کیلئے ختم کرنا ناممکن بن چکا ہے۔ یہ شہید نواب اکبر بگٹی سمیت تمام بلوچ شہداء کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ بلوچ قومی جدوجہد آجوئی بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ شہیداعظم کی شہادت سے گیارہ سال گزرنے کے بعد بھی تحریک کی روانی اور روز بروز ترقی کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ شہیدنواب اکبر بگٹی اور تمام بلوچ شہداء کی قربانی نہ صرف موجودہ نسل بلکہ آنے والی کئی نسلوں تک بلوچوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ شیرمحمد بگٹی نے ٹرانسپورٹ اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت اور پابندی کرتے ہوئے شہید نواب اکبر بگٹی کو خراج تحسین پیش کریں اور بلوچ جدوجہد آزادی سے وابستگی کا ثبوت دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ ری پبلکن پارٹی کی کارکنوں کی جانب سے 26 اگست تک انٹرنیٹ مہم بھی چلایا جائے گا جس میں ShaheedNawabAkbarBugti# کے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے شہید اعظم کی زندگی، جدوجہد اور عظیم قربانی کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے ساتھ ساتھ بلوچ قومی جہد آجوئی اور بلوچستان میں ریاستی مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔