بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملوں میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی۔ آمدہ اطلاعت کے مطابق اب تک کیچ، آواران اور پنجگور کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز پر حملے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چودہ اگست کی تقاریب کی حفاظت پر معمور اور ان میں حصہ لینے والی پاکستانی فورسز کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ حملوں کا سلسلہ ضلع پنجگور سے شروع ہوا، جہاں پنچگور کے علاقے پروم اور گچگ میں فورسز کو نشانہ بنایا گیا اور زرائع کے مطابق ان حملوں میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
اسکے علاوہ ضلع آواران کے علاقے کولواہ میں فورسز پر حملے کی اطلاعت موصول ہوئی ہیں، جبکہ ضلع کیچ کے علاقے مند میں فورسز کیمپ پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعت کے مطابق بلوچستان کے علاقے ناگ میں گشت پر مامور ایف سی اہلکاروں پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا ہے جس میں موٹر سائیکل پر سوار دو ایف سی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ان حملوں کے بعد فورسز نے ان علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، واضح رہے ہر چودہ اگست کو بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے پاکستانی فورسز اور چودہ اگست کی تقاریب پر شدت سے حملہ کرتی ہیں، ایسی تنظیمیں عوام کو بذریعہ اخبار پیشگی اطلاع بھی دیتی ہیں کہ چودہ اگست کے دن فورسز اور انکے تقاریب سے دور رہیں۔
اب تک بلوچ لبریشن آرمی نے پنچگور کے علاقے گچگ میں حملے کی زمہ داری قبول کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انکے حملے میں تین اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔