امریکہ نے کشمیری مسلح گروہ حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دےدیا

435

امریکی حکومت نے حزب المجاہدین کے شدت پسند سربراہ سید صلاح الدین کو پہلے ہی ‘عالمی دہشت گرد’ قرار دیا تھا  ۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے امریکی شہریوں اور رہائشیوں پر حزب المجاہدین سے کسی قسم کا رابطہ رکھنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ ان کے حدود میں حزب المجاہدین کے اکاؤنٹ کو بھی منجمد کردیا جائے گا۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ‘آج کے حکم سے امریکی عوام اور عالمی برادری کو واضح کیا جاتا ہے کہ حزب المجاہدین ایک دہشت گرد تنظیم ہے’۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘دہشت گردی کی نمائش تنظیموں اور افراد کو سامنے لے کر آتی ہے اور انھیں امریکی مالیاتی نظام تک رسائی نہیں دی جاتی ہے جبکہ یہ فیصلہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی سرگرمیوں کے لیے مددگار ہوسکتا ہے’۔

یاد رہے کہ امریکا نے رواں سال جون میں حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین کو خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔

یہ اعلان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا تھا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’سید صلاح الدین کو ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے سیکشن ’ون بی‘ کے تحت عالمی دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، جو امریکا اور اس کے شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے غیر ملکیوں پر لاگو ہوتا ہے جبکہ اس کے بعد پابندی کی زد میں آنے والے پر پابندیاں بھی عائد ہوجاتی ہیں’۔