بلوچستان: رواں سال پولیو کا دوسرا کیس سامنے آگیا

234

بلوچستان میں سال 2017 میں پولیو کا دوسراکیس سامنے آگیا ہے جہاں چمن میں 18 ماہ کی بچی میں پولیو کی تشخیص ہوئی۔بلوچستان کے محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق چمن کے علاقے محمود آباد کے رہائشی احمد شاہ کی بیٹی پولیو کا شکار تھی۔پولیو کی شکار بچی کو والدین کے منع کرنے پر پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔اینڈ پولیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں رواں سال پولیو کا یہ چوتھا کیس ہے جبکہ بلوچستان میں یہ دوسرا کیس سامنے آیا ہے۔ بلوچستان میں گزشتہ سال کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ سے ایک، ایک کیس سامنے آیا تھا۔یاد رہے کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے بلوچستان سے رواں سال مئی تک پولیو کے خاتمے کی امید کا اظہار کیا تھا تاہم چند ماہ قبل ہی چمن کے علاقے میں پولیو وائرس کے نشانات ملے تھے۔

پاکستان پولیو کے متاثرہ دنیا کے چند ممالک میں شامل ہے جس کے باعث چند برس قبل چند ممالک نے سفری پابندیاں بھی عائد کردی تھیں جبکہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو پولیو ٹیسٹ لازمی قرار دیا تھا۔پاکستان میں 2014 میں پولیو کے 306 کیس سامنے آئے  جبکہ 2015 اور 2016 میں بالترتیب 54 اور 20 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔