ذاکرمجید کی جبری گمشدگی کیخلاف فرزانہ مجید کا امریکہ میں احتجاج

588

جبری لاپتہ طالب علم رہنماء ذاکر مجید بلوچ کی ہمشیرہ فرزانہ مجید نے بھائی کی جبری گمشدگی کے 14 سال پورے ہونے پر نیویارک میں احتجاج کرتے ہوئے بھائی کی بازیاب کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر تصویر دیتے ہوئے کہا کہ میں 8 جون 2023 کو نیو یارک میں ہوں اور اپنے بھائی کی بازیابی کا مطالبہ کررہی ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ بھائی ذاکر مجید کی پاکستانی فوجی جیلوں سے بحفاظت بازیابی کے لیے عالمی ادارے میری مدد کریں۔

واضح رہے کہ ذاکر مجید کی بازیابی کے لئے اُن کے خاندان اور سیاسی اداروں نے منظم سیاسی مہم چلائی، ذاکر مجید کی بہن فرزانہ مجید، ماما قدیر کے ساتھ بلوچستان میں جبری گمشدہ سیاسی کارکنان کے بازیابی کے لئے کوئٹہ – کراچی اور کراچی – اسلام آباد لانگ مارچ کا حصہ تھی۔

زاکر مجید کی بہن فرزانہ اُن کی بازیابی کے لئے پانچ سال تک پریس کلبوں اور احتجاجوں کی قیادت کرتی رہی، اور ذاکر مجید کی والدہ چودہ سالوں سے کوئٹہ ، کراچی اور اسلام آباد میں احتجاج کرچکی ہیں لیکن چودہ سال بعد بھی وہ بازیاب نہ ہوسکے۔

گذشتہ دنوں ذاکر مجید لواحقین و سماجی و سیاسی کارکنان نے بلوچ لاپتہ افراد کے دن کو طور پر کوئٹہ اور کراچی میں سیمینار سمیت مظاہروں کا انعقاد کیا۔