سراج الحق پر حملے میں ملوث خودکش حملہ آور کی شناخت ہوگئی

724

رواں ماہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق پہ ہونے والے خودکش حملے کی حملہ آور کی شناخت ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے جو مستونگ بلوچستان کا رہائشی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق کے مذکورہ شخص کا تعلق ماضی میں لشکر جھنگوی سے تھا جو اس وقت اسلامک اسٹیٹ پاکستان( آئی ایس پی پی ) سے وابستہ تھا۔

خیال رہے کہ آئی ایس پی پی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، لیکن یہ بات قابل غور ہے کہ مذکورہ گروپ جماعت اسلامی پر تنقید کرنے کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔

اس سال مارچ میں آئی ایس کے پی نے اپنے عربی زبان کے میگزین سوت خراسان پر سراج الحق اور جماعت اسلامی پر آئی ایس کے پی کے سرکردہ مفکر ابو فتح خراسانی کا انٹرویو شائع کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ انیس تاریخ کو بلوچستان کے علاقے ژوب میں جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کو خودکش حملے میں اس وقت نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جب وہ جلسے میں شریک ہونے کے لئے ژوب پہنچے تھے۔

مذکورہ خودکش حملے میں سراج الحق محفوظ رہے جبکہ حکام کے مطابق حملے میں جماعت اسلامی کے 6 کارکن زخمی جبکہ حملہ آور ہلاک ہوگیا تھا۔