خضدار: جبری لاپتہ چھ افراد بازیاب، ایک تاحال لاپتہ

197

بلوچستان کے ضلع خضدار سے رات گئے سات افراد کو لاپتہ کیا گیا، بعدازاں چھ افراد کو رہا کردیا تھا تاہم ایک طالبعلم تاحال لاپتہ ہے۔

کھنڈ جنگی آباد سے اٹھائے گئے سات افراد میں سے چھ افراد کو زیدی کے علاقہ سورگز میں چھوڑ دیاگیا جبکہ ایف ایس سی کا طالب علم نعمان ولد علی حسن تاحال لاپتہ ہے۔

سٹی خضدار کے محلہ جنگی آباد میں گذشتہ رات ایک بجے کے قریب چند گاڑیوں میں مسلح افراد نے ایف ایس سی کے طالب علم نعمان غلامانی، نوید غلامانی اور ان کے والد علی حسن غلامانی، ایف ایس سی کے طالب علم سراج احمد اور اسکے والد میر محمد غلامانی کو، عبدالروف اور سکندر کے ہمراہ ایک خاتون کو اٹھاکر لے گئے تھے۔

بعد ازاں تھوڑے فاصلے پر جاکر خاتون کو گاڑی سے نیچے پھینکا گیا جبکہ دیگر سات افراد علی حسن ولد جنگی خان، نعمان ولد علی حسن، نوید ولد علی حسن، میر محمد ولد خیر محمد، سراج احمد ولد میر محمد، عبدالروف ولد امام بخش، سکندر ولد رضا محمد کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق گاڑیاں اور وردی میں ملبوس افراد سی ٹی ڈی کے بتائے جارہے تھے۔

آج صبح لواحقین نے تصدیق کی کہ چھ لاپتہ افراد کو زیدی کے علاقہ سورگز میں چھوڑ دیاگیا ہے جبکہ ایف ایس سی کا طالب علم نعمان غلامانی تاحال لاپتہ ہے۔

حکام نے واقعے کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔