ماں کی رہائی کے لئے انسانی حقوق کے معروف پاکستانی کارکن ایڈووکیٹ ایمان مزاری کو پولیس نے مبینہ طور پر تشدد کرکے تھانے سے باہر نکال دیا
ایمان مزاری کے مطابق ہائی کورٹ اسلام آباد کے حکم کے مطابق انکے والدہ کو آج اڈیالہ جیل سے رہا کرنا تھا تاہم رہائی کے فوری بعد پولیس نے انکی والدہ اور پی ٹی آئی کے سابق وزیر شیرین مزاری کو دوبارہ گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا-
ایمان مزاری نے کہا جب وہ اسلام آباد کی سیکٹریٹ تھانے پہنچی تو اندر سے انکی والدہ کی چیخنے کی آواز آرہی تھی جب انہوں نے اندر جانے کی کوشش کی تو تھانے میں موجود مرد پولیس اہلکاروں نے انھیں تشدد کا نشانہ بناکر تھانے سے باہر کردیا-
ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ اب انکی والدہ کو کہیں اور منتقل کردیا گیا ہے-
واضح رہے گذشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی گرفتاری کے بعد فوج کے خلاف احتجاج کرنے کی پاداش میں اب تک سینکڑوں پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے-
ایمان مزاری کی والدہ شیرین مزاری کو بھی گذشتہ دنوں انکے گھر سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا تھا تاہم آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیرین مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا تھا،تاہم انکی رہائی کے فوری بعد ہی انھیں واپس گرفتار کرلیا گیا ۔