نیشنل پارٹی رہنماء کا بیٹا چوری شدہ گاڑی کے ہمراہ حادثے کا شکار

880

بلوچستان کے علاقے بیسمہ میں ایک گاڑی الٹ جانے سے نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق ایم پی اے کا بیٹا زخمی ہوا ہے۔

زخمی ہونے والے شخص کی شناخت بالاچ کے نام سے ہوئی ہے جو سابق ایم پی اے و نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی اسلام کا بیٹا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلح چور ایک دن پہلے مذکورہ گاڑی کو پنجگور نوک آباد کے علاقے سے مالک سمیت اغواء کرکے لے گئے بعدازاں رات گئے مالک کو پنجگور سندے سر عیسی میں چھوڑ کر گاڑی سمیت فرار ہوگئے تھے۔

آج اسی گاڑی کو بیسمہ ایریا میں اس وقت حادثہ پیش آیا جب سابق ایم پی اے اور نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی اسلام کا بیٹا چلا رہا تھا۔

خیال رہے کہ نیشنل پارٹی اور اس کے رہنماؤں پہ بلوچ حلقے پہلے بھی یہ الزام لگاتے آرہے ہیں کہ نیشنل پارٹی کے رہنما مکران سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ڈیتھ اسکواڈ گروہوں کی سرپرستی کرتے ہیں۔

پنجگور میں حاجی اسلام اور نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما رحمت صالح پر بھی عوامی حلقے الزام عائد کرتے ہیں کہ مذکورہ رہنما ڈیتھ اسکواڈ گروہوں کے سرپرستی کرتے ہیں جو علاقے میں چوری و ڈکیتی سمیت مختلف سماجی برائیوں میں ملوث ہیں۔

حالیہ پنجگور واقعہ کے بارے میں علاقائی ذرائع کا کہنا ہے۔ مذکورہ اعجاز عرف پپو ڈیتھ اسکواڈ کے گروپ کو مذکورہ سابق ایم پی اے کی مکمل سرپرستی حاصل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے کہ ان پر چوری اور ڈکیتی ثابت ہوئی ہو اس سے قبل بھی مذکورہ گروپ چوری شدہ سامان سمیت پکڑے بھی گئے ہیں مگر رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر بھی مذکورہ گینگ کو بری کردیا جاتا ہے۔