بولان میں فوجی آپریشن جاری

517

بلوچستان کے علاقے بولان میں فوجی آپریشن جاری، زامران میں فورسز کی پیش قدمی کے باعث آپریشن کا خدشہ

بولان اور سبی سے متصل علاقوں میں آج ساتویں روز بھی پاکستانی فوج کی آپریشن جاری ہے۔ علاقے میں بدستور گن شپ و دیگر ہیلی کاپٹروں کو فضاء میں دیکھا گیا جبکہ مختلف راستوں پر فوجی اہلکار ناکہ بندی کرچکے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مچھ، آب گم، گونی پرا، سارو، شیر کنڈ و گردنواح کے علاقے آپریشن کی زد میں ہے جبکہ مختلف مقامات پر آج بھی موبائل سروسز معطل ہے۔

گذشتہ روز  آپریشن کے دوران گلہ بانی سے منسلک ایک خاندان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھی تاہم علاقہ محصور ہونے کے باعث اس حوالے سے مزید معلومات نہیں مل سکی ہے۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ سات روز سے فوجی آپریشن کے باعث علاقوں میں خوراک کی قلت کے سمیت مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ضلعی حکام نے فوجی آپریشن کے حوالے سے تاحال کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔ گذشتہ دنوں آئی ایس پی آر نے سبی میں فوجی آپریشن کے دوران مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی۔

دریں اثناء زامران کے علاقوں جالگی اور نیوانو میں آج دوسرے روز بھی فوج کی پیش قدمی جاری رہی، علاقائی ذرائع بڑی تعداد میں فوج کی پیش قدمی کے باعث فوجی آپریشن کے خدشے کا اظہار کررہے ہیں۔