نئے اور پرانے پاکستان کی بحث چھوڑ کر ‘ہمارے پاکستان’ کی بات کرنی چاہیے: آرمی چیف

294

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی نو گو ایریا نہیں ہے۔ نئے اور پرانے پاکستان کی بحث چھوڑ کر ہمیں ‘ہمارے پاکستان’ کی بات کرنی چاہیے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعے کو قومی اسمبلی میں قومی سلامتی کمیٹی کے ‘ان کیمرا’ اجلاس کے دوران کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل اور افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے منزل کا تعین کریں، پاک فوج پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے سفر میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔

آرمی چیف کے بقول دہشت گردوں سے مذاکرات کا خمیازہ ان کی مزید گروہ بندی کی صورت میں سامنے آیا۔ ملک کی سیکیورٹی کے لیے افواجِ پاکستان مستعد ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے پاس ریاست کی رٹ تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ ان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا میں مجوزہ فوجی آپریشن کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر وزرا اور حکام نے شرکت کی۔