خاش: جبری گمشدگیوں و گرفتاریوں کے خلاف خواتین کا احتجاج

216

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق ‏گزشتہ روز ایران کے زیرانتظام بلوچستان کے علاقے خاش، اسماعیل آباد میں سیاسی رہنماؤں کی بازیابی کے لیے خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔

اس موقع پر ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے خواتین اور بچوں نے سیاسی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔

خاش کے سڑکوں پر گشت کرتے خواتین نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے اور مظاہروں کی پاداش میں گرفتاریوں کو بند کیا جائے۔

بلوچ خواتین نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ ناقابل قبول عمل ہے۔

خیال رہے کہ ایران کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچ اکثریتی علاقوں میں مظاہرین پر طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں پر عالمی انسانی حقوق کے ادارے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔

ایران کے زیرانتظام بلوچستان میں ہونے والے مظاہروں میں ابتک گرفتار، زخمی اور جانبحق افراد کی تعداد سینکڑوں تک پہنچ چکی ہے۔