کوئٹہ میں ریلوے ملازمین سراپا احتجاج

128

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ریلوے ورکرز یونین کے زیر اہتمام ملازمین نے عارضی ملازمین کی مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے سوموار کو ریلوے اسٹیشن سے ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔

ریلوے ورکرز یونین کے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ہمارے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرتے ہوئے گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور گریڈ 1 سے 5کے ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقیاں دی جائیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بولان میں ریلوے کا گرنے والا پل تا حال تعمیر نہیں ہوسکا اور کوئٹہ سے ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں کو بند ٹرینوں کو فوری طور پر چلایا جائے تاکہ لوگوں کو سفری سہولیات میسر ہو اور ریلوے کی آمدن بھی بڑھ سکے۔

سبی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں ریلوے کی زمینوں پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ریلوے کی اراضی واگزار کرائی جاسکے۔