بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں ایک خاتون و دو بچوں سمیت چار افراد جانبحق، حب سے ایک لاش برآمد کی گئی-
اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی بلوچستان کے سرحدی علاقے شاہی پٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کردیا-
پولیس کےمطابق ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کے واقعے میں جانبحق ہونیوالوں میں خاتون اور بچہ بھی شامل ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، جانبحق افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا-
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے-
دوسری جانب حب وندر میں سیلاب سے بے گھر عبدالقیوم نامی شخص کا تیرہ سالہ بیٹا ٹھنڈ کے باعث جانبحق ہوگیا-
وندر متاثرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بعض ٹیموں کو حالیہ بارشوں میں بے گھر ہونے والے متاثرین کی لسٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی گئی وہاں ٹیموں نے بے گھر ہونے والے متاثرین کے تباہ شدہ مکانات پر کھڑے ہوکر فوٹو سیشن تو کی لیکن حکومتی امداد کو متاثرین تک پہنچتے پہنچتے نجانے زمین کھا گئی یا پھر آسمان نگل گیا۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ حکومتی امداد کے منتظر سیلاب متاثرین آئے روز بے بسی میں جان کی بازی ہار رہے ہیں تاہم عوامی نمائندگان خواب غفلت میں ہیں اگر حکومت امداد کو نہیں آتی تو مزید جانے ضائع ہوسکتی ہیں-
دریں اثناء بلوچستان کے صنعتی شہر حب پل سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے جسے بعد میں ایدھی رضاکاروں نے شناخت کیلئے سول ہسپتال حب منتقل کردیا ہے-