بلوچستان میں تحریک طالبان پاکستان کے بڑھتے قدم۔ دی بلوچستان پوسٹ فیچر رپورٹ

1688

بلوچستان میں تحریک طالبان پاکستان کے بڑھتے قدم

دی بلوچستان پوسٹ فیچر رپورٹ

تحریر: زارین بلوچ

تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک بیان شائع کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے کہ بلوچستان کے مکران علاقے سے “مجاہدین” کے ایک گروہ نے تحریک طالبان پاکستان میں شمولیت اختیار کی ہے اور اس کے مقصد سے وفاداری کا اعلان کیا ہے۔ مزار بلوچ نامی ایک نامعلوم شخصیت کی سربراہی میں، اس گروہ نے ایک طویل نام ابو منصور عاصم مفتی نور ولی محسود حفظہ اللہ کے ہاتھ پر تحریک کے ساتھ وفاداری کی بیعت لی ہے۔ ٹی ٹی پی نے اپنی صفوں میں شامل ہونے والے نئے جنگجوؤں کو مبارکباد دیا اور کہا کہ وہ بلوچستان میں ٹی ٹی پی کی رسائی کو مزید آگے بڑھائیں گے۔

تحریک طالبان پاکستان، افغانستان اور پاکستان میں کام کرنے والے مختلف اسلامی عسکریت پسند گروہوں کی ایک چھتری تنظیم ہے، جو بلوچستان میں اپنی رسائی کو بڑھا رہی ہے، اور قوت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹی ٹی پی نے پاکستانی ریاست کو بلوچ عوام پر ظلم، ان کے وسائل کی لوٹ مار، بلوچ سیاسی کارکنوں کے بے دریغ اغواء و قتل اور بلوچستان میں عسکریت پسندی پر تنقید کی ہے۔

گروپ نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور بلوچ “آزادی کے حامی” مسلح گروہوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ ایک پرانی کہاوت ہے کہ ’’میرے دشمن کا دشمن میرا دوست ہے۔‘‘ اور ایسا لگتا ہے کہ ٹی ٹی پی بلوچستان میں نئے دوست بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 سیکولر بلوچستان اور انتہاء پسندی میں اضافہ

اپنی صدیوں پرانی تاریخ کے دوران، بلوچستان کبھی بھی مذہبی انتہا پسندی اور عدم برداشت کا گھر نہیں رہا۔ بلوچ ایک کثیر النسل قوم ہے جو مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر مشتمل ہے، مختلف دیوتاؤں کی عبادت کرتے ہیں، اور مختلف زبانیں بولتے ہیں۔ اور پھر بھی، یہ لوگ نسلوں سے ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی ثقافتوں اور روایات کا احترام کرتے ہیں۔ بلوچ اپنے سیکولر کلچر پر فخر کرتے ہیں۔

لیکن پچھلے چند دہائیوں سے بلوچستان کا سیکولر ماحول پر اثرانداز ہوا جارہا ہے۔ مذہبی بنیاد پرستی، فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت انگیز جرائم میں دستاویزی اضافہ ہوا ہے۔ یہ رجحان بیسویں صدی کے نصف آخر میں شروع ہوا لیکن 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد اس نے رفتار پکڑی۔

بلوچستان میں مذہبی انتہا پسندی کی اصل وجہ کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے اچانک بڑھنے کے طور پر نہ سمجھا جائے بلکہ کئی دہائیوں میں پروان چڑھنے والے رجحان کے طور پر دیکھا جائے۔

بلوچستان تاریخی طور پر ایک سیکولر خطہ رہا ہے لیکن اس میں1970 کی دہائی کے وسط میں تبدیلیاں آنا شروع ہوئیں۔ بلوچستان کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں، اور افغان مجاہدین کو پاکستان کی جانب سے خطے میں محفوظ پناہ گاہیں دی گئیں، یہ افغان حکومت کی طرف سے بلوچ قوم پرستوں کے لیے نرم رویے کا ردعمل ہے۔

جیسا کہ بلوچ صحافی، ساجد حسین، جو 2020 کو پراسرار حالات میں سویڈن میں انتقال کر گئے، انہوں نے دی ڈپلومیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے وضاحت کی کہ: “جنرل ضیاء الحق کے دور میں (1977-88) جب مذہبی انتہا پسندی پاکستان میں آئی، بلوچستان ضیاء کی پالیسیوں سے بری طرح متاثر نہیں ہوا۔ بلکہ اثر کوئٹہ یا بلوچستان میں کسی اور جگہ افغان مہاجرین کی آمد کا تھا۔ بلوچستان کی پشتون پٹی سے لے کر سبی تک، مذہبی عناصر یا زیادہ مخصوص، مجاہدین عناصر اپنے ساتھ جہاد کے جذبات لے کر آئے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں کے علاوہ، افغان مہاجرین نے سرحد کے قریب کے علاقوں میں بھی داخل ہو گئے، جس سے یہ علاقے مذہبی انتہا پسندی کا شکار ہو گئے۔

ساجد حسین کے مطابق، مذہبی انتہا پسندی کی پہلی کلیاں کیچ میں پھوٹیں، اس کے بعد چاغی اور نوشکی۔ ابتدائی طور پر، ان پیش رفتوں نے ان علاقوں میں شیعہ مذہب کا مقابلہ کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ پان شیعہ ازم کا یہ خیال ہے کہ ایران بلوچستان میں شیعہ اسلام کو فروغ دے رہا ہے، اور سنی (سلفی) مسلح تنظیموں کا خیال ہے کہ اس کا مقابلہ کرنے کا واحد طریقہ شیعہ ہزارہ افراد کو قتل کرنا ہے ،جو زیارت کے لیے ایران جاتے ہیں۔ ساجد حسین نے وضاحت کی کہ ایرانی بلوچوں کی، قوم پرستی میں مذہبی گروہ بھی پائے جاتےہیں، کیونکہ بلوچ برادری زیادہ تر سنی ہے جو شیعہ ایران میں رہتے ہیں۔ سرحد کے اس طرف اپنے ہم وطنوں کے برعکس، ایران میں بلوچ جو اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں وہ سیکولر نہیں ہیں- وہ کم و بیش اسلام پسند ہیں۔ سرحد کے قریبی علاقوں میں کئی سنی گروپ سرگرم ہیں، اور وہ ایران کے اندرمتعدد بار حملے کر چکے ہیں۔ جبکہ تہران ان حملوں کا ذمہ دار پاکستان، امریکہ اور سعودی عرب کو ٹہراتا ہے۔

جنرل ضیاء کی حکمرانی کا بلوچ سماج پرشاید کوئی اثر نہیں پڑا، لیکن یہ بلوچستان کی سیاست کے لیے تباہ کن ثابت ہوا، کیونکہ اس نے اپنے دور حکومت میں مذہبی جماعتوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کی۔ ایک بلوچ مصنف، نعمت گچکی نے دی ڈپلومیٹ کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ: “ضیاء کے دور میں، بلوچستان میں، پہلی بار دوسرے فرقوں، خاص طور پر ذکری بلوچوں کے خلاف مختلف نظریات کی سرپرستی کی گئی۔ ہر سال مذہبی علماء “ختم نبوت” جیسے پروگراموں کے لیے تربت جاتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا، “بنیادی طور پر، اسے انتخابی حربوں کے لیے استعمال کیا گیا کیونکہ بلوچستان کے مکران ڈویژن میں قوم پرست جیت رہے تھے۔ اسی لیے اسلام آباد کی سیاسی جماعتوں اور حکومت کا خیال تھا کہ قوم پرست ذکریوں کی حمایت سے جیت رہے ہیں۔

چنانچہ ذکری کا بلوچ سے تعلقات منقطع کرکے بلوچ قوم پرستوں کی طاقت کو کمزور کیا جائے تاکہ قوم پرستوں کو نقصان پہنچے۔ وہ ایسا کرتے رہے اور وہ کسی حد تک اپنے درمیان اس بندھن کو توڑنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے مسلمانوں کے ذکری فرقوں کو بھی رشوت دی۔ لیکن یہ قلیل المدتی تھا۔”

ضیاء کا انتقال 1988 میں ہوا لیکن ان کی پالیسیاں برقرار رہیں۔ مولویوں نے ذکری کارڈ کا استعمال شروع کر دیا اور برادری کو ستانا شروع کر دیا۔ 1990 کی دہائی میں، ذکریوں کو ظلم و ستم اور مذہبی بنیاد پرستی کے غضب کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن انتہا پسندوں کو وہ کبھی نہیں ملا جو وہ چاہتے تھے کیونکہ مکران ڈویژن، جہاں ذکریوں کی آبادی ہے اور ان کے مذہبی مقامات واقع ہیں، روایتی طور پر سیکولر علاقے ہیں جہاں بلوچستان کے دیگر علاقوں کی نسبت خواندگی کی شرح زیادہ ہے۔

پاکستان کی انسداد بغاوت کی حکمت عملی

پاکستانی ریاست نے بلوچ قوم پرستوں اور “آزادی کے حامی” گروپوں کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے بلوچستان میں اسلامی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی اور فروغ بھی دیا ہے۔ اس حکمت عملی کے گہرے نتائج برآمد ہوئے ہیں، اس نے بلوچستان میں مذہبی عدم برداشت اور فرقہ وارانہ تصادم کا ماحول پیدا کیا ہے۔ یہ حکمت عملی پاکستانی ریاست کے لئے بھی شاید فائدہ مند نہیں ہوا، کیونکہ مذہبی گروہوں نے اپنی بندوقیں واپس اپنے آقاؤں کی طرف موڑ دی ہیں۔

مذہبی تنظیموں نے بلوچستان میں متعدد حملے کیے ہیں، جن میں سب سے مہلک سراج رئیسانی کا قتل تھا، جو بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے عسکریت کے حامی سیاست دان تھے۔ رئیسانی 2018 کومستونگ میں ایک ریلی کے دوران خودکش حملے میں مارے گئے تھے، جہاں 149 دیگر افراد ہلاک اور 186 زخمی ہوئے تھے۔ ہلاکتوں کی تعداد خوفناک تھی ،حملے میں مختلف خاندانوں کا صفایا ہو گیا تھا۔ کچھ گھروں میں نماز جنازہ کی امامت کے لیے کوئی مرد نہیں بچا ۔

دولت اسلامیہ، جسے داعش بھی کہا جاتا ہے ،اس تنظیم نے سراج رئیسانی کا فوج کے ساتھ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ یہ گروپ افغانستان کی سرحد سے ملحقہ بلوچستان کے علاقوں میں سرگرم ہے اور دہشت گردی میں ملوث ہے۔ اسلامی تنظیم کا سب سے زیادہ نشانہ غیر مسلح شہری اور شیعہ ہزارہ رہے ہیں۔ رئیسانی کا قتل پہلی بار تھا جب اس نے ایک اہم سیاستدان اور ایک اہم فوجی اثاثہ کو نشانہ بنایا۔

بلوچستان میں مذہبی قتل عام شورش کی طویل اور متواتر تاریخ اور بلوچستان کے لوگوں کو ان کے وسائل تک رسائی سے انکار کرنے پر پاکستانی حکام کے خلاف ناراضگی سے بھی جڑا ہوا ہے۔ مذہبی اور فرقہ وارانہ تشدد میں حالیہ اضافہ پاکستان کی جانب سے انسداد بغاوت کے مقاصد کے لیے مذہبی انتہا پسندی کے استعمال کا براہ راست نتیجہ ہے۔

بلوچستان نے پاکستان کے خلاف شورش کی پانچ لہریں دیکھی ہیں،جبکہ تازہ ترین لہر 2004 میں شروع ہوئی تھی۔ شورش، جو پہلے پہاڑوں میں مرکوز تھی، اب بلوچستان کے شہری علاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ بلوچ “آزادی کے حامی” گروہوں نے خود کو ڈھال لیا اور خود کو متنوع بنایا، اور پورے بلوچستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا، جس نے پاکستانی ریاست کے لیے شورش کو ختم کرنا انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔

“آزادی کے حامی” جذبات میں شدت تب آئی جب فوج نے ایک ممتاز بلوچ رہنما نواب اکبر خان بگٹی کو شہید کیا۔ پاکستان کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نے بلوچستان میں مذہبی بنیاد پرستی کو فروغ دینے اور بلوچ باغیوں کو توازن اور تنہا کرنے کے لیے خطے میں بنیاد پرست اسلام کو فروغ دینے کے لیے طالبان، لشکر جھنگوی، اور لشکر طیبہ جیسے اسلامی گروہوں کا استعمال کرتے ہوئے جواب دیا۔ لیکن یہ حکمت عملی ناکام ہو گئی کیونکہ ایک بار جب ان تنظیموں نے کچھ طاقت حاصل کی تو انہوں نے اپنے حکمرانوں کو ستانا شروع کر دیا۔

پاکستانی ریاست نے شدت پسند گروہوں کے کچھ رہنماؤں کو ہلاک کر کے بدلہ لیا، جس نے صرف جہادیوں کے مزید عسکریت پسند کیڈر کو جنم دیا۔ پاکستانی ریاست اس دھوکے میں ہے کہ وہ ان گروہوں کو کنٹرول کر سکتی ہے۔ لیکن موجودہ صورتحال بالکل مختلف کہتی ہے۔

پاکستانی فوج کے پاس بہت چند بلوچ سپاہی اور افسران ہیں، اس لیے وہ بغاوت کے خلاف کارروائیوں کے لیے سراج رئیسانی جیسے مقامی پراکسیوں پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔ عسکری اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بلوچ باغیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے “ڈیتھ اسکواڈز” بنانے کے لیے معروف جرائم پیشہ افراد، ملیشیا کے رہنماؤں، منشیات فروشوں اور جاگیرداروں کو بھرتی کیا ہے۔ یہ “ڈیتھ اسکواڈز” بلوچ کارکنوں اور طلبہ رہنماؤں کی “جبری گمشدگیوں”، قتل و غارت، اغوا برائے تاوان، منشیات کی سمگلنگ اور مسلح ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کے لیے بدنام ہیں۔ اپنی خدمات کے بدلے میں، یہ گروپ فوج کی طرف سے بڑے پیمانے پر کیش فلو اور جو چاہیں کرنے کے لیے آزاد ہاتھ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ایسے ہی ایک ملیشیا رہنما شفیق مینگل ہیں، جو ایک بدنام زمانہ عسکریت پسند اور فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے قریبی ساتھی ہیں۔ بلوچ قوم پرست شفیق مینگل کو بلوچ کارکنوں، باغیوں اور بلوچستان کی ہزارہ شیعہ برادری کے خلاف پرتشدد مہمات کا ذمہ دار ٹہراتے ہیں۔

شفیق مینگل پر بے شمار شہریوں کے قتل اور بلوچستان میں فوج مخالف جذبات کو روکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ رابطے میں کام کرنے کا الزام ہے۔ اس پر بلوچستان میں اغوا برائے تاوان کی اسکیم چلانے اور بھتہ خوری کی کارروائیوں کا بھی الزام ہے، اور وہ یہ سب کچھ ایک متقی مسلمان کی شخصیت کو برقرار رکھتے ہوئے کرتا ہے۔

بلوچ باغیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بلوچستان میں مذہبی انتہا پسندی کے کلچر کو فروغ دینے کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی حکمت عملی میں شفیق مینگل صرف ایک پیادہ ہیں۔ بہت سے طریقوں سے، بلوچستان میں انتہا پسندی میں اضافہ جان بوجھ کر کیا جاتا ہے- اسے جان بوجھ کر تیار کیا جاتا ہے اور اسے مزید بڑھنے دیا جاتا ہے۔ اس کے بلوچستان کے لوگوں کے لیے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں، جیسے انسانی حقوق کی بے تحاشا خلاف ورزیاں، شیعہ ہزارہ نسل کشی، اور عدم برداشت کا بڑھتا ہوا کلچر۔ اس نے تحریک طالبان پاکستان، اسلامک اسٹیٹ اور دیگر مختلف گروہوں کو بھی حوصلہ دیا ہے کہ وہ بلوچستان میں اپنے بازو پھیلا سکیں اور بلوچ برادریوں سے جنگجو بھرتی کریں۔

طالبان اور داعش

بلوچستان کبھی بھی مذہبی فرقہ واریت کا گھر نہیں رہا اور تمام مذاہب اور اقلیتوں کے لیے پرامن رہا ہے۔ لیکن افغانستان میں جنگ اور طالبان کے عروج کے بعد بلوچستان مذہبی تشدد کا میدان بن گیا ہے۔ کئی عوامل بلوچستان میں مذہبی انتہا پسندی کے خطرناک رجحان کو آگے بڑھا رہے ہیں، لیکن ایک کا تعلق بلوچستان کے شمالی علاقوں، خاص طور پر ضلع ژوب سے ہے، جس کی سرحدیں سابقہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) سے ملتی ہیں۔ فاٹا میں پاکستانی فوج کے ضرب عضب کے بعد، ٹی ٹی پی اور دیگر اسلامی تنظیمیں بلوچستان میں گہرائی تک گھس گئیں اور وہاں دوبارہ منظم ہونےلگے۔ اس کے نتیجے میں، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور دیگر شہروں میں مہلک حملے ہوئے ہیں۔ اس کی ایک مثال اگست 2016 میں کوئٹہ سول اسپتال میں ہونے والا بم دھماکہ ہے، جس میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر وکلاء تھے۔

اس کے بعد پولیس ٹریننگ کالج پر ایک اور حملہ ہوا جس میں 60 کیڈٹس مارے گئے۔ ٹی ٹی پی سے الگ ہونے والے گروپ جماعت الاحرار، جو داعش سے قریبی تعلق رکھتا ہے، نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اگلے مہینے خضدار میں شاہ نورانی کے صوفی مزار پر دہشت گردی کی ایک اور کارروائی ہوئی، جہاں 50 سے زائد زائرین ہلاک ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

تین ماہ کے دوران بلوچستان میں داعش کے عسکریت پسندوں اور اس سے وابستہ افراد کا یہ تیسرا حملہ تھا، ایک ایسی پیشرفت جس نے پورے خطے میں صدمے کی لہر دوڑادی۔ بلوچستان اس حد تک مذہبی بنیاد پرستی کو کبھی نہیں جانتا تھا، اور تشدد میں اچانک اضافہ تشویشناک تھا۔

بلوچستان میں اسلامک اسٹیٹ کے حملوں کی ایک بڑی تعداد، افغان طالبان کی مقبولیت اور بلوچستان میں ٹی ٹی پی کی اس وقت سرگرم بھرتی مہم پاکستان کی ناکام انسداد بغاوت کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

آگے کیا ہوسکتا ہے؟

بلوچ “آزادی کے حامی” گروپ نہ تو ٹی ٹی پی کی حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی کھلی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے طالبان کی جانب سے اتحاد بنانے کی پیشکش کا جواب نہیں دیا، کم از کم عوامی سطح پر تو نہیں۔ آزادی پسند گروپوں نے ابھی تک ٹی ٹی پی کی جانب سے بلوچ کمیونٹیز کے ارکان کی بھرتی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ لیکن یہ خیال کرنا غیر حقیقت پسندانہ نہیں ہوگا کہ بلوچ مسلح گروہ – جو کہ حد سے زیادہ سیکولر ہیں – بڑھتی ہوئی مذہبی بنیاد پرستی اور فرقہ وارانہ تصادم کے خلاف ہوں گے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے بلوچستان میں اپنی رسائی بڑھانے کے خلاف بھی ہوں گے۔

معاملہ کچھ بھی ہو، ایک بات واضح ہے – اگر ٹی ٹی پی کو بلوچستان میں کوئی پناہ گاہ مل جاتی ہے، تو یہ دیگر اسلامی تنظیموں کو خود کو قائم کرنے اور قوت حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ اس سے نہ صرف بلوچ کاز سے توجہ ہٹ جائے گی بلکہ بلوچستان کے سیکولر ماحول کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ مذہبی بنیاد پرستی نے پوری دنیا کے معاشروں کو تباہ کر دیا ہے اور یہ ایسی قسمت نہیں ہے جو بلوچ برداشت کر سکتے ہیں اور وہ یقینی طور پر نہیں چاہتے کہ بلوچستان ایک اور افغانستان بنے۔