شہداء کوہ سلیمان نے اپنی لازوال قربانیوں سے بلوچ قوم کو شناخت عطا کی – بلوچ راج

445

بلوچ راج کے ترجمان نے شہداء کوہ سلیمان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوہ سلیمان کے بلوچوں نے ایوبی آمریت کیخلاف مزاحمت کا راستہ اختیار کر کے قومی فرض کو نبھایا اور سرخروح ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سات دسمبر 1967ء کو بلوچ قوم کے بہادر فرزندوں شہید محمدان بلوچ، شہید یار محمد بلوچ، شہید دوست محمد بلوچ اور شہید رحیمو بلوچ نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قومی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے مزاحمت کی عظیم باب رقم کی۔

ترجمان نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنے حقوق و شناخت کے لئے مزاحمت کی وہی زندہ قوم کہلاتی ہیں۔ بلوچ شہداء نے اپنی لازوال قربانیوں سے بلوچ قوم کو شناخت عطا کی اور آج کی نسل ان کی قربانیوں پر فکر کرتی ہے اور ان ہی کے نقش قدم پر چل کر ہم اپنا شمار زندہ قوموں میں کروا سکتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کوہ سلیمان کے شہداء کی سرزمین و راج کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد میں بلوچ راج ہر سال سات دسمبر کو شہدائے کوہ سلیمان کے نام سے یادگاری محفل کا انعقاد کر کے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کے شہداء کی قربانیاں قوم کے لئے مشعل راہ ہیں اور ان کی جہدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سات دسمبر کو بلوچ راج رونگھنڑ میں جلسے کا انعقاد کرے گی۔