تربت: لاپتہ طالب علم حیات بلوچ کی گرفتاری ظاہر

273

ڈپٹی کمشنر کیچ میجر بشیر بڑیچ نے جمعہ کے روز تربت میں میڈیا میں دعویٰ کیا کہ سی ٹی ڈی نے تربت میں حیات ولد اسلم نامی شحض کو گرفتار کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے کاروائی کرتے ہوئے کیچ میں مخلتف واقعات اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں محمد حیات ولد محمد اسلم کو گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ شہر میں ایک اور کاروائی کو انجام دینے کی کوشش میں تھا کہ اسے بروقت گرفتار کرکے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا اور عدالت اسے سزا دے گی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اسے کب اور کہاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی تربت کے طالب علم محمد حیات کو رواں سال 13اکتوبر کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا-

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے ‏14 اکتوبر کو جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ بلوچستان کےعلاقے کیچ سے دو طالب سمیت چھ افراد کو پاکستانی فورسز نے لاپتہ کیا ہے۔

جن میں تربت یونیورسٹی کےطالب علم حیات ولد اسلم، عبدالستار ولد رحیم بخش کو گزشتہ روز تربت سےلاپتہ کردیا اور قمبر ولد امید،عزیر ولد مولا بخش، اسد ولد موسی اور انس ولد ملا برکت شامل ہیں۔

آج محمد حیات کی گرفتاری کو ظاہر کی گئی جبکہ تین افراد قمبر امید، عزیر مولا بخش اور انس ملا برکت بازیاب ہوگئے ہیں۔