سی پیک کی حفاظت پر مامور فورسز پر حملہ

454

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سی پیک کی حفاظت پر معمور پاکستانی فورسز کو حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔

فورسز پر حملہ کیچ میں کولواہ کے علاقے آشال میں آج صبح ہوا ہے۔ مذکورہ اہلکار سی پیک روٹ پر معمور تھے کہ مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ حملہ آور بعدازاں فرار ہوگئے۔ فورسز کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں اس نوعیت کے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے رہے ہیں۔

بلوچ آزادی پسند سی پیک کو استحصالی پراجیکٹ قرار دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان بھر میں دیگر پراجیکٹس کو بھی آزادی پسندوں کیجانب سے حملوں میں نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

گذشتہ دنوں ڈیرہ مراد جمالی میں اوچ پاور پلانٹ کو جانے والی گیس پائپ لائن کو بلوچ ریپبلکن گارڈز نے تباہ کی تھی اس سے قبل قلات کے علاقے شیخڑی میں تیل و گیس نکالنے والی کمپنی کو دو مختلف حملوں میں بلوچ لبریشن آرمی نے نشانہ بنایا تھا۔

بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ ہم پی پی ایل کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ بلوچ وسائل کے استحصالی پروجیکٹ بند کرکے بلوچستان سے نکل جائے۔ بصورت دیگر شدید تر حملے ہونگے۔