مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے لاپتا افراد کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو درپیش سب سے بڑا اور مشکل مسئلہ لاپتا افراد کا ہے۔ لاپتا افراد کا مسئلہ حساس ہے اور اس کو ہر پہلو سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت لاپتا افراد کے مسئلے پر اقدام کر رہی ہے۔
مشیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ حکومتی سطح پر سب سے بڑا اور اہم فورم جوڈیشل کمیشن ہے، جو تشکیل دیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت پر امید ہے کہ لاپتا افراد کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاپتا افراد کے لواحقین کی ڈیمانڈ پر جوڈیشل کمیشن کو بنایا گیا۔ جس کیلئے بلوچستان حکومت مزید اقدامات اٹھا رہی ہے کہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔
ضیا لانگو نے دعویٰ کیا کہ لاپتا افراد کی تلاش کیلئے روز اول سے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کا قیام صوبائی حکومت کے اقداموں میں سے ایک اقدام ہے۔ موجودہ حکومت کا اولین مقصد عوامی مسائل کا فوری حل ہے، جب کہ شہریوں کی جان مال کے تحفظ اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے بھی ہم ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
مشیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے سیاسی مسائل بھی ہیں اور معاشی بھی، یہ دونوں ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔