تربت: دو طالبعلم فورسز کے ہاتھوں لاپتہ

396

بلوچستان کے ضلع کیچ میں کل رات گیارہ بجے کے قریب پاکستان فورسز نے چھاپہ مارکر دو نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق تربت ڈنک میں گذشتہ رات گیارہ بجے پیراملٹری فورس نے موسیٰ نامی شخص کے گھر پھر چھاپہ مارکر دو بچوں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا –

لاپتہ طالب علموں کی شناخت بالاچ اور براھمدگ ولد موسیٰ کے ناموں سے ہوئی ہیں، ان میں سےبراھمدگ جماعت نہم اور بالاچ جماعت چہارم کلاس کا طالب ہیں۔

گرفتار ہونے والے دونوں گذشتہ برس کیچ میں ڈیتھ اسکواڈ کے ہاتھوں قتل ہونے والے ملک ناز کے کزن ہیں۔

واضح رہے دو ہزار بیس میں کیچ کے علاقے ڈنک میں جرائم پیشہ افراد نے چوری کے غرض سے رات کی تاریکی میں گھر پر حملہ کیا تھا، گھر میں موجود ملک ناز نامی خاتون نے مزاحمت کی جس پر چوروں نے خاتون کو گولیاں مارکر قتل کردیا تھا۔

فائرنگ سے ملک ناز کی چھوٹی بچی برمش بھی زخمی ہوگئی تھی، اس قتل کے خلاف بلوچستان اور بیرون ممالک احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد ہوئیں، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے اس قتل کے خلاف احتجاج کیا اور مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

حکومتی حکام اور پولیس کے مطابق اس کارروائی میں شریک تمام ملزمان کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ان جرائم پیشہ افراد کو غیر مسلح کیا جائے جن کو حکام کی سرپرستی حاصل ہے۔