تربت: بلدیاتی انتخابات کے لئے مختص پولنگ اسٹیشنوں پر بم حملے

762

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں دو دھماکے ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ آبسر کھدہ یوسف محلہ کی ایک اسکول میں ہوا ہے جہاں کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے، چند منٹوں کے وقفے کے بعد اسی علاقے کے ہائی اسکول پر بھی نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے۔

تاہم دھماکوں سے کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور دھماکوں کے بعد ایف سی اور پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے ملزمان کی تلاش کا آغاز کردیا ہے۔ علاقے میں پہلے ہی سے انتخابات کے باعث ناکہ بندی اور گشت میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

دریں اثناء خضدار اور چمن سے بم برآمد کرلیے گئے ہیں۔

زرائع کے مطابق خضدار میں پولنگ کے لئیے مختص ھائی اسکول سے ریموٹ کنڑول بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا ہے –

دوسری جانب بلوچ نیشنل موومنٹ کیجانب سے الیکشن بائیکاٹ مہم کے سلسلے میں ناصرآباد، تربت ضلع کیچ میں دیواروں پر چاکنگ کی گئی ہے قبل ازیں بی این ایم کیجانب سے دیگر علاقوں میں بھی وال چاکنگ کی گئی اور پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں آزادی پسند بلوچ مسلح اور سیاسی تنظیموں نے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے بلوچستان میں پاکستانی انتخابات میں لوگوں کو ووٹ نہ ڈالنے کی بھی اپیل کی ہے –

ماضی میں بھی بلوچ مسلح پسند تنظیموں نے انتخابات کے لئے بنائے گئے پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کیے ہیں –

جبکہ بلوچستان میں سرگرم بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی امبریلا آرگنائزیشن بلوچ راجی آجوئی سنگر کے ترجمان بلوچ خان نے رواں مہینے اپنے ایک پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا نام نہاد پاکستانی بلدیاتی انتخابات نہ صرف بلوچستان پر پاکستانی جبری قبضہ کو نچلی سطح پر منظم کرنے کا ایک نوآبادیاتی حربہ ہے بلکہ یہ بلوچ سماج میں شخصی، خاندانی، قبائلی اور سیاسی مخاصمت کو فروغ دینے، بلوچ قوم کو تقسیم کرنے اور ”لڑاؤ اور حکومت کرو“ جیسے آزمودہ استعماری پالیسی کو عملی شکل دینے کا ایک موثر ذریعہ بھی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ شب بلوچستان کے مختلف علاقوں سے بم دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئے تھے جہاں خضدار اور پنجگور میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے گھروں اور پولنگ اسٹیشنوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

پنجگور تسپ سریقلات وارڈ نمبر 2 کے آزاد امیدوار جنید احمد کے گھر پر مسلح موٹر سائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے ، امیدوار نے انتظامیہ سے سیکورٹی کا مطالبہ کیا ہے۔

اسی طرح خضدار کے علاقے گریشہ میں نامعلوم افراد نے سردار حیات خان ساجدی کے گھر پر رات کے وقت دستی بم پھینکا جو زودار دھماکے سے پھٹ گیا جبکہ کچھ وقفے کے بعد اسی علاقے میں ایک پولنگ اسٹیشن کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔