بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، متعدد مکانات منہدم

521

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جمعہ 6 مئی کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جب کہ خضدار کے علاقے آڑنجی میں زلزلے سے متعدد مکانات منہدم ہوگئے۔

زلزلہ پیماہ مرکز کے مطابق ضلع لسبیلہ میں ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 اور دالبندین میں 5.1 ریکارڈ کی گئی۔ دالبندین میں آنے والے زلزلے کی زیر زمین گہرائی 10 کلومیٹر، جب کہ لسبیلہ میں آنے والے زلزلے کی زیر زمین گہرائی 35 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز لسبیلہ سے 80 کلومیٹر شمال کی جانب اور دالبندین سے 56 کلومیٹر جنوب کی جانب تھا۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خضدار کے علاقے آڑنجی میں زلزلے سے متعدد مکانات منہدم ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر امدادی سامان متاثرہ علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے، جب کہ علاقے سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

دی جی پی ایم ڈی اے کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد کیلئے سامان ارسال کردیا گیاہے، جس میں خیمے، بستر اور کھانے پینے کی اشیا اور ادویات شامل ہیں۔ ادارہ صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔

قبل ازیں بلوچستان کے علاقے چاغی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے، فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا. واضح رہے کہ اس سے قبل 9 مارچ 2022 کو بھی بلوچستان کے ضلع چاغی میں صبح سویرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔