چاغی: پیاس سے جانبحق 3 ڈرائیوروں کی لاشیں برآمد

1911

بلوچستان کے ضلع چاغی میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے جبکہ بلوچستان و افغانستان کے سرحدی صحرا سے تین ڈرائیوروں کی لاشیں برآمد ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں گذشتہ روز پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے ایک ڈرائیور جانبحق ہوا تھا جبکہ واقعہ کے خلاف احتجاج پر بھی فائرنگ سے آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ نوکنڈی سے متصل سرحدی صحرا میں فورسز کی جانب سے گاڑیوں کو ضبط کرکے ڈرائیوروں کو شدید تشدد کا نشانہ بناکر انہیں بے یار و مددگار ویرانے میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

ابتک کی اطلاعات کے مطابق تین ڈرائیور شدید گرمی میں بھوک اور پیاس سے جانبحق ہوئے ہیں –

ایک ڈرائیور نے مقامی صحافیوں کو بتایا ہے کہ ‏پاکستان آرمی کے اہلکاروں نے ویران سرحدی علاقےمیں دو سو کےقریب گاڑیوں کے ریڈیٹرز میں ریت ڈال کر بیٹریز اتار دیئے اور ڈرائیوروں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ہمیں چھ گھنٹے پیدل سفر کرنے کے بعد کوئی گاڑی ملی جس نے نوکنڈی پہنچایا وہاں سرحد پر اس گرمی میں بہت سارے ڈرائیور بھوک و پیاس میں پھنسے ہوئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک وائرل ہونے والے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صحرا
میں تین لاشیں پڑی ہیں –

 

ذرائع کے مطابق یہ لاشیں ان گاڑی ڈرائیوروں کی ہیں جو بلوچستان سے افغانستان اشیائےخوردنی و دیگر ضروریات زندگی کے سامان لے جاتے اور لاتے ہیں۔